توانائی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا‘ حکومت عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے‘ وزیراعظم ،زونر انرجی کمپنی کی نو سو میگاواٹ کے قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ کو اپریل تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی

اتوار 5 جولائی 2015 09:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ حکومت عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔لاہور میں سولر پاور انرجی منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ نو سو میگا واٹ کا سولر منصوبہ آئندہ سال اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔

رواں سال دسمبر تک سولر منصوبے سے تین سو میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ پچاس میگا واٹ کا منصوبہ چودہ اگست تک مکمل ہوجائے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت توانائی کا بحران حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے جس سے بے روزگاری بھی ختم ہوگی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چینی کمپنی زونرجی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ سے جلد نجات مل جائے ۔ وفاق او صوبے ملکر توانائی بحران پر قابو پانے کے اقدامات کر رہے ہیں اور توانائی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا اس اس بحران کے ختم ہونے سے ملک میں بیروز گاری بھی ختم ہو گی۔ادھرزونر انرجی کمپنی نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر نو سو میگاواٹ کے قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ کو اپریل تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

لاہور میں وزیراعظم کے زیر صدارت توانائی کے بارے میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ‘ زونر انرجی کمپنی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس میں زونر انرجی کمپنی کی طرف سے وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچاس میگاواٹ بجلی کا منصوبہ چودہ اگست تک مکمل ہوجائے گا جبکہ تین سو میگاواٹ بجلی منصوبے سے رواں سال 31 دسمبر تک حاصل ہوگی وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نو سو میگاواٹ کے قائد اعظم سولر پاور پراجیکٹ کو آئندہ سال اپریل تک مکمل کیا جائے جس پر کمپنی نے منصوبے کو اپریل تک مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔