معروف گلوکار شہزاد چاندی کا ڈی جے بٹ پر دھنیں چرانے کا الزام ،دو کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا

جمعرات 16 جولائی 2015 08:49

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء ) معروف گلوکار شہزاد چاندی نے ڈی جے بٹ پر دھنیں چرانے کا الزام لگاتے ہوئے دو کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو دھرنے کے دوران اپنے گانوں سے پر جوش کرنے والے ڈے جے بٹ پر گانا چوری کرنے کا الزام لگ گیا ہے۔ مشہور گلوکار اور کمپوزر شہزاد چاندی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈی جے بٹ نے ان کا بنایا ہوا گانا چوری کر کے اپنے نام سے چلایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ دھرنے کے دوران مشہور ہونے والا گانا ”جتنا بھی عمران خان جتنا ، دوجیاں جماعتاں نے بڑا پٹنا “ حقیقت میں ان کا گانا ہے جو ڈی جے بٹ نے چوری کیا ہے۔ گلوکار شہزاد چاندی کا کہنا تھا کہ وہ ڈے جے بٹ کے خلاف دو کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رہے ہیں اور وہ قانونی طریقے سے انصاف چاہتے ہیں۔ یاد رہے اس سے قبل ڈی جے بٹ کومحکمہ ایکسائز کی جانب سے ٹیکس جمع کروانے کا نوٹس بھی مل چکا ہے جبکہ تحریک انصاف کے ساتھ ان کا لین دین کا تنازعہ بھی چل رہا ہے۔