میرے موکل شہباز شریف کے بارے میں عمران خان کے ٹویٹ بدنیتی پر مبنی ہے‘مصطفی رمدے،محمد شہباز شریف پوری زندگی میں کبھی نادہندہ نہیں رہے، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ ایسے الزامات مسترد کرچکی ہیں،اتفاق فاؤنڈریز کے اثاثوں کی فروخت کا آغاز جولائی 1998میں اتفاق فاؤنڈریز اور بنکوں کی مشترکہ درخواست کے بعد ہوگیا تھا،عدالتی کارروائی کی تکمیل کے بعد اتفاق فاؤنڈریز لمیٹڈ کے ذریعے واجب الادا رقم کے ساتھ 17سال کا مارک اپ بھی ادا کیا گیا

جمعرات 16 جولائی 2015 08:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جولائی۔2015ء) محمد شہباز شریف کے وکیل مصطفی رمدے نے کہا ہے کہ میرے موکل محمد شہباز شریف کے بارے میں عمران خان کی ٹویٹ بدنیتی پر مبنی اور لگائے گئے الزامات من گھڑت ہیں -مصطفی رمدے نے ایک بیان میں کہا کہ محمد شہباز شریف اپنی پوری زندگی میں کبھی نادہندہ نہیں رہے -2002میں لاہور ہائی کورٹ اور 2009میں سپریم کورٹ نے شہباز شریف کے بارے میں ایسے الزامات کو مسترد کردیا تھا -انہوں نے کہا کہ اتفاق فاؤنڈریز کے اثاثوں کی مالیت بنکوں کے کلیم سے کہیں زیادہ ہے -اثاثوں کی فروخت کے عمل کا آغاز جولائی 1998میں اتفاق فاؤنڈریز اور بنکوں کی طرف سے مشترکہ درخواست کے بعد ہوگیا تھا-فروخت کا عمل عدالتی احکامات کی وجہ سے 2014میں مکمل ہوا -عدالتی کارروائی کی تکمیل کے بعد اتفاق فاؤنڈریز لمیٹڈ کے ذریعے واجب الادا رقم کے ساتھ 17سال کا مارک اپ بھی ادا کردیا گیا-مصطفی رمدے وکیل محمد شہباز شریف نے کہا کہ اتفاق فاؤنڈریز نے بنکوں کے دعوے کو چیلنج کرنے کی بجائے پورے اثاثے قرضوں کی ادائیگی کے لئے پیش کرکے نئی تاریخ رقم کی -