ملکی صرافہ مارکیٹوں میں دس گرام سونے کی قیمت 38 ہزار روپے سے گر کر 37 ہزار روپے کی سطح پر آگئی

جمعرات 23 جولائی 2015 09:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جولائی۔2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور بدھ کے روز فی اونس سونا 1100 ڈالر سے کم ہوکر 1000 ڈالر کی سطح پر آگیاجس کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹوں میں دس گرام سونے کی قیمت 38 ہزار روپے سے گر کر 37 ہزار روپے کی سطح پر آگئی ۔ بدھ کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں 14 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونے کی قیمت 1093 ڈالر ہوگئی۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 450 روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 44 ہزار 700 روپے سے کم ہوکر 44 ہزار 250 روپے ہوگئی اسی طرح 386 روپے کی نمایاں کمی سے 10 گرام سونے کی قیمت 37 ہزار 928 روپے پر آگئی جبکہ ملک بھر میں صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت 615 روپے پر بدستور برقرار رہی