پاکستان نے چوتھے ایک روزہ میچ میں سری لنکا کو 7وکٹوں سے شکست دے کر 9سال بعد سری لنکن سرزمین میں سیریز میں 3-1سے جیت کر چیمپئنز ٹرافی میں شرکت یقینی بنا لی ،257رنز کے جواب میں شاہینوں کی کی جارحانہ بیٹنگ ، احمد شہزاد 95رنز پر نروس نائٹیز کا شکار ، محمد حفیظ 70 ، کپتان اظہر علی33رنز بنا کر بطور کپتان دنیا کے کامیاب ترین بیٹسمین بن گئے ،تین وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں حاصل کر لیا، شعیب ملک نے 4چھکوں کی مدد سے 29، سرفراز احمد 17رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، سری لنکا کی جانب سے تھریمانے 10 رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کر سکے، دلشان کی نصف سنچری بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی ،محمد عرفان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ انور علی اور راحت علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، احمد شہزاد مرد میدان قرار پائے

جمعرات 23 جولائی 2015 08:38

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جولائی۔2015ء)پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز کے چوتھے کرکٹ میچ میں7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی اس سیریز میں تین ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر لی ہے۔یہ نو برس میں پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکن سرزمین پر کوئی ون ڈے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، احمد شہزاد کو شاندار 95رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

بدھ کو کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے مہمان ٹیم کو 257 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 41ویں اوور میں حاصل کر لیا۔پاکستانی اننگز کی خاص بات اوپنر احمد شہزاد اور محمد حفیظ کی عمدہ بلے بازی تھی جنھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں بالترتیب 13ویں اور27ویں نصف سنچریاں بنائیں۔

(جاری ہے)

کولمبو کے پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز دیا۔

اس شراکت کو لستھ ملنگا نے اظہر کو کیچ کروا کے توڑا جنھوں نے 28 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ملنگا کو دوسری وکٹ اس وقت ملتے ملتے رہ گئی جب تھریمانے نے احمد شہزاد کا آسان کیچ چھوڑ کر انھیں ایک موقع دیا۔پاکستانی کپتان اظہر علی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ٹیم کو 69 رنز کا اچھا آغاز دلوایااحمد شہزاد نے اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نصف سنچری تو بنائی لیکن ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 7ویں سنچری سے 5 رنز کی دوری پر لکمل کی گیند پر کیچ ہوگئے۔

انھوں نے دوسری وکٹ کے لیے حفیظ کے ساتھ مل کر 115 رنز کی شراکت قائم کی۔ حفیظ نے ون ڈے کرکٹ میں 27ویں نصف سنچری بنائی اور 70 رنز کی اننگز کھیل کر سریوردنا کی پہلی وکٹ بنے۔ان کے جانے کے بعد شعیب ملک اور سرفراز احمد نے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو فتح دلوا دی۔ شعیب ملک نے 4 چھکوں کی مدد سے 29رنز بنائے ، سرفراز 17رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، سری لنکا کی جانب سے ملنگا ، لکمل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔

تلکارتنے دلشان اور لوہارو تھریمانے کی عمدہ بلے بازی کی بدولت اس میچ میں ایک موقع پر لگ رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم ایک بڑا سکور کرنے میں کامیاب رہے گی لیکن اننگز کے درمیانی اوورز میں پاکستانی بولروں نے عمدہ بولنگ کی اور میزبان ٹیم کو ایسا نہ کرنے دیا۔سری لنکا کی جانب سے دلشان اور پریرا نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر پریرا محمد عرفان کی گیند پر کیچ آوٴٹ ہو گئے۔

تھریمانے دس رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کر سکے تاہم اس کے بعد دلشان اور تھریمانے نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کا سکور 109 رنز تک پہنچا دیا۔پاکستان کو دوسری کامیابی کے لیے 21 اوورز انتظار کرنا پڑا اور اس طویل انتظار کا خاتمہ عماد وسیم نے دلشان کو 50 کے سکور پر بولڈ کر کے کیا۔اس کے بعد تھریمانے تو ایک اینڈ پر جمے رہے لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

تھریمانے بھی دس رنز کی کمی سے اپنی پانچویں ون ڈے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ انھیں یاسر شاہ نے آوٴٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے محمد عرفان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ انور علی اور راحت علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔محمد عرفان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب پاکستانی بولر رہے پاکستانی ٹیم کے لیے چیمپیئنز ٹرافی تک رسائی کے لیے یہ سیریز جیتنا لازمی تھا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ون ڈے جیت کر چیمپیئنز ٹرافی میں جگہ بنا لی ہے اور اب ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں سے کوئی ایک ٹیم آٹھ ٹیموں کے آئی سی سی ایونٹ میں حصہ لے سکے گی جو 2017 میں انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔