عمران خان کسی کے کہنے پر پورے نظام کو پلٹنا چاہتے تھے،جاوید ہاشمی،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ ہماری توقعات کے مطابق آیا،عمران کو غلط مشورہ دینے والے سائیڈ لائن ہوگئے،عمران کو سیاست میں بری طرح ناکامی ہوئی؛اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 24 جولائی 2015 09:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جولائی۔2015ء)بزرگ سیاست دان اور تحریک انصاف کے سابق صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عمران خان کسی کے کہنے پرپورے نظام کو پلٹنا چاہتے تھے،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ ہماری توقعات کے مطابق آیا ہے،عمران خان کو سیاست میں بری طرح ناکامی کا سامنا ہواہے،عمران خان کو غلط مشورے دینے والے سائیڈ لائن ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روزاپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں اور تمام نے فیصلہ کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ آئے گا اسے قبول کیا جائیگا،جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ ہمارے توقعات کے مطابق آیا ہے ہمیں ایسے ہی فیصلے کی امید تھی،اس کے علاوہ کوئی بھی فیصلہ نہیں آ سکتا تھا ،انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو سیاست میں بری طرح ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے،عمران خان کی کسی نے مدد نہیں کی بلکہ سب نے انہیں استعمال کیا ہے،عمران کو غلط مشورے دینے والے آج سائیڈ لائن ہوگئے ہیں،میں نے بطور پارٹی صدر عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف احتجاج ضرور کریں لیکن بہت آگے نہ جائیں،عمران کو یہ بھی کہا تھا کہ آپ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو برباد کررہے ہیں لیکن عمران نے میری بات کوترجیحی نہیں دی،انہوں نے کہا کہ عمران خان دھرنے میں کسی کے کہنے پر پورے نظام کو اڑانا چاہتے تھے عمران کے ساتھ بیٹھنے والوں نے عمران خان کی سیاست کو تباہ کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے ووٹرز کو یقین ہوگیا ہے کہ ان کا ووٹ طاقت رکھتاہے۔

متعلقہ عنوان :