لاہور، پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے ساتھ یو اے ای میں کھیلی جانیوالی ہوم سیریز کے شیڈول کا اعلان کر دیا،سیریز میں تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلے جائیں گے

جمعہ 24 جولائی 2015 08:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جولائی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے ساتھ یو اے ای میں کھیلی جانیوالی ہوم سیریز کے شیڈول کو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی تصدیق کے بعد اعلان کر دیا۔ سیریز میں تین ٹیسٹ، چار ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور تین ٹی ٹوینٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان ہوم سیریز کھیلنے کیلئے 30 ستمبر کو یو اے ای پہنچے گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز 30 ستمبر سے یکم دسمبر تک کھیلی جائے گی۔ ٹور کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی ٹیم ”پاکستان اے“ کے خلاف دو روزہ میچ بالترتیب 5-6 اور 8-9 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ انگلینڈ کے َاف 13 سے 17 اکتوبر تک ابوظہبی میں، دوسرا ٹیسٹ 22 سے 26 اکتوبر کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم دبئی میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

چار ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستان اور انگلینڈ کا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 11 نومبر 2015ء کو ابوظہبی میں، دوسرا ایک روزہ 13 نومبر کو ابوظہبی، تیسرا ایک روزہ 17 نومبر کو شارجہ میں جبکہ چوتھا ایک روزہ دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ 3 ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 نومبر کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہوگا۔

دوسرا ٹی ٹوینٹی بھی 27 نومبر کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ 30 نومبر کو تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ پاکستان انگلینڈ کیخلاف شارجہ میں کھیلے گا۔ انگلینڈ کی ٹیم یکم دسمبر کو یو اے ای سے واپس انگلینڈ روانہ ہو جائے گی۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین شہریار ایم خان نے کہا ہے کہ ہم انگلینڈ کی میزبانی پر بہت خوش ہیں اور 2015ء میں پہلی ہوم سیریز میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

ہمیں توقع ہے کہ دو طرفہ سیریز میں معیاری کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ جس طرح سری لنکا کے خلاف سیریز میں دیکھنے کو ملی ہے۔ امید ہے ہماری ٹیم اس کارکردگی کو انگلینڈ کے خلاف برقرار رکھے گی۔ اس سیریز میں چیف ایگزیکٹو ای سی بی ٹام ہیری سن نے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شیڈول کے ساتھ اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ متحدہ امارات کے ٹور میں پاکستان نے ٹیسٹ جیتے تھے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی میں فاتح رہی تھی۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ آنے والے ٹور میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔