شمالی نائجیریا میں بوکو حرام کا گاوٴں پر حملہ، 13 افراد ہلاک،شدت پسند و ں نے مبینہ مخبروں کے متعدد گھروں کو بھی اّگ لگا دی، بوکو حرام کی قید سے 178 افراد بازیاب، بازیاب ہونے والوں میں 101 بچے اور 67 خواتین شامل

منگل 4 اگست 2015 09:05

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء) شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے ارکان نے شمالی نائجیریا میں گاوٴں پر حملہ کر کے تیرہ افراد کو ہلاک جبکہ ستائیس کو زخمی کر دیا۔ عینی شاہدین کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے بوکوحرام نے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے حملہ کیا۔ شدت پسندوں نے مبینہ مخبروں کے متعدد گھروں کو بھی آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ادھرنائجریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی ریاست بورنو میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی قید سے 178 افراد کو بازیاب کروایا گیا ہے۔فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بوکو حرام کی قید سے بازیاب کروانے والوں میں 101 بچے اور 67 خواتین شامل ہیں۔فوج کے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بازیاب ہونے والوں میں اپریل 2014 میں چیبوک کے سکول کے اغوا ہونے والی لڑکیاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

فوج نے بوکو حرام کے کمانڈر کو حراست لینے اور کئی علاقوں پر قبضہ حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔نائجریا میں سنہ 2014 سے اب تک شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے ساڑھے پانچ ہزار افراد کو ہلاک کیا ہے۔چیبوک کے سکول سے اغوا کی گئی دو سو سے زائد لڑکیاں ایک سال گزرنے کے بعد بھی تاحال لاپتہ ہیں۔ بوکو حرام نے ان لڑکیوں کو سکول پر حملے کے دوران اغوا کیا تھا۔ مغوی بنائی گئی زیادہ تر لڑکیاں عیسائی تھیں۔انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ سنہ 2014 کے بعد سے اب تک اسلامی شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے کم سے کم دو ہزار خواتین اور لڑکیوں کو اغوا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :