الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار ہوناچاہیے،سراج الحق،الیکشن کمیشن کا عملہ تربیت یافتہ ہونا چاہیے،عملہ کی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے جمہوریت کو کئی بار نقصان پہنچا ،الطاف حسین ڈیپریشن کا شکار ہیں،اس غلط فیصلوں کی وجہ سے کراچی کو شدید نقصان پہنچا ہے،میڈیا سے گفتگو

منگل 4 اگست 2015 09:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء)امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سپریم کورٹ کی طرح آزاد اور خود مختار ہوناچاہیے،عملے کی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ڈیپریشن کا شکار ہیں،الطاف کی غلط فیصلوں کی وجہ سے کراچی کو شدید نقصان پہنچا ہے،عوام حکومت سے پوچھتی ہے کہ وہ کیا کررہی ہے پیر کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر اعتماد نہ ہونے کے باعث ملک میں کئی بار جمہوریت کی بجائے مارشل لاء کا دور آیا ہے ،الیکشن کمیشن کے پاس کسی صورت سٹاف کی کمی نہیں ہونی چاہیے اور عملے کو مکمل طور تربیت یافتہ ہونا چاہیے ،عملہ کی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے جمہوریت کو کئی بار نقصان پہنچا ہے ،ضلعی سطح پر بھی الیکشن کمیشن کا اپنا عملہ ہونا چاہیے ،اس وقت الیکشن کمیشن کسی کے احتساب کے قابل نہیں رہا ،ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرح آزاد اور خود مختار ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 100 سے زائد پارٹیوں نے انٹراپارٹی الیکشن نہیں کرواتیں،الیکشن کمیشن کو ایسا ضابطہ اخلاق تیار کرنا چاہیے جس سے تمام سیاسی جماعتیں آئین و قانون کے تحت انٹراپارٹی الیکشن کرانے کی پابند ہوں،الیکشن کمیشن پارٹیوں کے اندر انٹراپارٹی الیکشن کی نگرانی خود کرے اور ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرے ،الیکشن کمیشن الیکشن کے دوران امیدواروں کے اخراجات کی حد بھی بتائے ،ملک میں عام انتخابات کے بعد ہمیشہ دھاندلی کے الزامات لگتے رہے ہیں،2013 کے الیکشن پر بھی کچھ تحفظات تھے جنہیں ابھی تک دور نہیں کیا جا سکا،انہوں نے کہا کہ پارٹی امید واروں کے ساتھ ساتھ پارٹیوں کے انتخابی اخراجات کی حد بھی مقرر ہونی چاہیے کیونکہ ملک میں بیشتر پارٹیوں پر جاگیر دار قابض ہیں اور بیشتر پارٹیاں جاگیرداروں کی کلب ہیں،ملک بھر میں خاندانوں کے نام پر پارٹیاں چلائی جارہی ہیں ،باپ کے بعد بیٹا،پھر نواسا سیاست کو تجارت کر کے خرید لیا جاتا ہے،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الطاف حسین ڈیپریشن کا شکار ہیں اور غلطی پر غلطی کئے جارہے ہیں انہیں غلطیوں کی وجہ سے ایم کیو ایم پارٹی اور کارکنوں کویہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے،الطاف حسین کی غلط پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے کراچی کے حالات بدترین ہوئے ہیں،ماضی میں جمہوری اور آمروں نے انہیں گلے لگایا ہے ،جرم چاہیے سیاسی کارکن کرے یا کوئی اور وہ جرم ہی ہوتا ہے ،کراچی میں جماعت اسلامی کا ایک بھی کارکن گرفتار نہیں ہوا ۔