جوہری معاہدہ، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو فائدہ نہیں پہنچے گا، امر یکہ ، ایران پر سے تجارتی معاہدوں کی پابندیاں ابھی تک نہیں اٹھائی گئی ، ترجمان امریکی دفتر خارجہ

منگل 4 اگست 2015 09:07

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 اگست۔2015ء)امریکہ نے کہا ہے کہ ایران پر سے معاشی پابندیوں کے خاتمے تک ،ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو فائدہ نہیں پہنچے گا۔ گزشتہ ماہ کی 14تاریخ کو ایران اور 5عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ طے پایاتھا،جس کے مطابق اگر ایران اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو روک دے گا تو اس پر سے عالمی اقتصادی پابندیا اٹھالی جائیں گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے امور خارجہ کے بارے میں وزیر اعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی نے واشنگٹن میں ایک تھنک ٹینک کو بتایاتھا کہ پاکستان نے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے ،کیونکہ اس سے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کے ساتھ ساتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کیدر کھلیں گے۔طارق فاطمی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ ایران پر سے تجارتی معاہدوں کی پابندیاں ابھی تک نہیں اٹھائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک ایران کو تجارت کے لئے کھلا نہیں سمجھتے، اورایران پر جنوری 2014 سے عائد پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں کی گئی ہے۔