بھارت میں عمارت گرنے سے آٹھ افراد ہلاک، متعدد ملبے میں دب گئے

بدھ 5 اگست 2015 09:25

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اگست۔2015ء) بھارت کے اقتصادی شہر ممبئی سے ملحق شہر میں ایک عمارت گرنے سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ عمارت میں دیگر کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پولیس کنٹرول روم کے مطابق منگل کی صبح تھانے کے نوپاڑا علاقے میں واقع ایک تین منزلہ عمارت گرنے سے یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریبا پونے تین بجے پیش آیا۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے اس واقعے میں آٹھ افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

(جاری ہے)

عمارت سے کچھ لوگوں کو بچا لیا گیا ہے لیکن اب بھی کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں۔اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق این ڈی آر ایف کے ایک اہلکار سچیتانند گاوڈے نے بتایا ’ہمیں تقریبا تین بجے اطلاع ملی اور ہم جائے حادثہ پر تقریبا چار بجے پہنچے۔ ہم نے چار لوگوں کو بچایا جو عمارت کے ملبے میں دبے ہوئے تھے۔‘اطلاعات کے مطابق یہ عمارت 50 سال پرانی اور خستہ حالت میں تھی اور اسے خطرناک قرار دے دیا گیا تاہم اس میں رہنے والے لوگوں نے اسے خالی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔بھارت میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقہ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :