بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا لالچ ، جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم پر بھاری پڑ گیا ، بارشوں کے باعث جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے درمیان دونوں میچ ڈرا ہونے کے باعث افریقی رینکنگ پوائنٹس میں کمی آگئی ، افریقن کرکٹ بورڈ کا مون سون سیزن میں ٹیسٹ سیریز شیڈول کرنے پر بنگلہ دیش پر شدید تنقید

بدھ 5 اگست 2015 08:39

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 اگست۔2015ء) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے لالچ کے باعث جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کو بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے، مون سون کے موسم میں ٹیسٹ سیریز شیڈول کرنے کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے بنگلہ دیش کے ساتھ دونوں ٹیسٹ میچز ڈرا ہو گئے، نتیجے کے طور پر جنوبی افریقہ کے رینکنگ پوائنٹس میں کمی آئی ہے۔ جنوبی افریقہ کرکٹ اور کرکٹ ٹیم نے بارشوں کے موسم میں ٹیسٹ سیریز شیڈول کرنے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے لئے بنگلہ دیش پہنچی تھی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز جنوبی افریقہ نے جیت، ون ڈے سیریز دو ایک سے بنگلہ دیش کے نام رہی جب کہ ٹیسٹ سیریز کے دونوں میچ ہی بارش کی نذر ہو گئے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دو روز بارش کی وجہ سے میچ ادھورا رہ گیا اور اسے ختم کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسرے ٹیسٹ میچ میں صرف پہلے دن کا کھیل ممکن ہو سکا، اس کے بعد تین دن تک لگاتار بارش نے گراوٴنڈ کو اس قابل ہی نہ چھوڑا کہ اس پر میچ ہو سکتا، یوں یہ میچ بھی ختم کر دیا گیا۔

سیریز برابر ہونے سے بنگلہ دیش کو فائدہ ہوا اور وہ پہلے نمبر کی ٹیم کے خلاف دو میچ برابر کھیل کر پوائنٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ دوسری جانب جنوبی افریقی ٹیم کے رینکنگ پوائنٹس میں سے چار پوائنٹس کاٹ لئے گئے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مون سون سیزن میں ہی ٹیسٹ سیریز شیڈول کرنے پر بھی انوکھے بہانے تراشنا شروع کر دیئے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق پورے سیزن میں اور کوئی ونڈو میسر نہیں تھی، اگر جولائی میں ٹیسٹ میچ شیڈول نہ کئے جاتے تو پھر بنگلہ دیش کو جنوبی افریقی کی ٹیسٹ سیریز کے لئے میزبانی کا 8 سال تک انتظار کرنا پڑتا۔

متعلقہ عنوان :