اٹلی ،لوگوں کے ’بیمار ہونے پر پابندی عائد،میئر نے حکمنامے دستخط کردئیے

پیر 10 اگست 2015 09:15

روم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10 اگست۔2015ء) اٹلی کے ایک میئر نے ایک ایسے حکم نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت لوگوں کو بیمار ہونے سے روکا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیلیا نامی گاوٴں کے میئر ڈیوڈ زکشینیلا مقامی لوگوں کی صحت کو بہتر کرنے اور تیزی سے کم ہوتی آبادی کو روکنے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔انھوں نے اس مقصد کے لیے ’انعام اور سزا‘ کی پالیسی اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے لیے انھوں نے اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے سہولیات کا استعمال کرنے والے افراد سے ٹیکس میں چھوٹ دینے کا وعدہ کیا ہے اور ایسا نہ کرنے والوں کے لیے جرمانے کا اعلان کیا ہے۔یہ حکم نامہ مقامی کونسل کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے گاوٴں میں بیمار ہونے پر ’پابندی ‘ہے۔سنہ 1951 میں اس قصبے کی آبادی 1400 تھی لیکن اب اس کے باشندوں کی تعداد صرف 500 رہ گئی ہے جس میں 60 فیصد سے زیادہ افراد ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔میئر جو کہ خود بھی ایک قابل ڈاکٹر ہیں، کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ طبی معائنہ کروانے کو اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ یہ گاوں کی آبادی کے ختم ہونے کی وجہ سے نہ مر جائے۔