سابق پرنسپل ہیلے کالج آف کامرس لاہور پروفیسر نثار الدین نے اپنی اربوں کی جائیدار غرباء کیلئے وقف کرنے کا اعلان کردیا،فلاحی کام میں رکاوٹیں اور مشکلات پید اکرنے والے ایم پی اے ماجد ظہور اور پولیس کیخلاف میڈیا میری مدد کریں

جمعرات 13 اگست 2015 09:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13 اگست۔2015ء) سابق پرنسپل ہیلے کالج آف کامرس لاہور پروفیسر نثار الدین نے اپنی اربوں کی جائیدار غرباء کیلئے وقف کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح  نے اسلامی فلاحی ریاست کیلئے حاصل کیا تھا اس خطہ کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانا تھا لیکن بدقسمتی سے یہاں قبضہ مافیا اور کرپٹ افراد نے ایسا طرز حکومت رائج کرلیا کہ غریب اور امیر میں فرق بڑھادیا گیا۔

ایک فی صد ٹولے نے وسائل پر قابض ہوکر غربت میں بے پناہ اضافہ کر دیا۔ حکمران طبقہ نے اپنی عیاشیوں اور مفاد کی خاطر بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے غیر ضروری قرضے لیے ۔ عوام پر بے پناہ ٹیکس عائد کردئیے گئے۔ ایک 19 اور20گریڈ کا ایماندار آفیسر اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں دلوا سکتا۔

(جاری ہے)

فیسوں میں اتنا اضافہ کردیا گیا کہ جہالت بڑھی جو دہشت گردی اور تخریب کاری میں بدل گئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس میں کیا۔ پروفیسر نثار الدین نے کہا مقامی ایم پی اے ماجد ظہور بجلی گیس چوری کروارہا ہے پولیس اور قبضہ مافیا کیساتھ ملکر میری جائیدار پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا پولیس ودیگر محکمے میری شنوائی نہیں کرتے بلکہ الٹا مجھ پر دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ سابق پرنسپل ہیلے کالج نے کہا سابق ناظم لاہور میاں عامر محمود اپنے ساتھیوں کے ذریعے میرے تعلیمی اداروں کو ہتھیانے کی کوششیں کر رہاہے۔

میرے تین ادارے جن میں ادمان میں قائد اعظم کالج‘ ٹاؤن شپ اور راوی روڈ میں مفت تعلیم دی جاتی ہے اور طلباء وطالبات کیلئے ٹیکنیکل تربیت بھی دی جاتی ہے۔ پروفیسر نثار الدین نے کہا میاں نواز شریف ‘ شہباز شریف محبت وطن وضع دار لیڈر ہیں لیکن ان کے ارگرد کرپٹ اور قبضہ مافیا کے لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا میرے فلاحی کام میں رکاوٹیں اور مشکلات پید اکرنے والے ایم پی اے ماجد ظہور اور پولیس کیخلاف میڈیا میری مدد کریں کیونکہ میں ہر فورم سے مایوس ہوچکا ہوں۔

متعلقہ عنوان :