وزیر اعظم اور خورشید کا ٹیلی فونک رابطہ،اٹک واقعہ سمیت ملک کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال،دونوں رہنماؤں کامتحدہ کے استعفوں کو افہام وتفہیم اور جلد از جلد حل کرنے پر اتفاق ،شجاع خانزادہ کی شہادت قومی سانحہ ہے،جلد از جلد انکوائری کر کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، خورشید کا وزیر اعظم سے مطالبہ

منگل 18 اگست 2015 09:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اگست۔2015ء)وزیر اعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے،دونوں کے درمیان سانحہ اٹک سمیت ملک میں امن وامان اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کوٹیلی فون کیا ہے اور سانحہ اٹک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ،انہوں نے کہا کہ اٹک میں دہشت گردی کا واقعہ تشویشنا ک اور قابل مذمت ہے حکومت ایسے واقعات کے سد باب کے لئے فوری اقدامات کرے اورواقعہ کی جلد از جلد انکوائری مکمل کر کے دہشت گردی میں ملوث مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے اور اس سانحہ میں متاثر ہونے والے خاندانوں کی ہرممکن مد کرے ،سید خورشید شاہ نے کہا کہ سانحہ اٹک قومی سانحہ ہے اس واقعہ کے نتیجے میں پاکستانی قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ،کرنل (ر) شجاع خانزادہ ایک بہادر شخصیت تھے انکی شہادت سے ملک میں کبھی نہ پر ہونے ولا خلاء پیدا ہو گیا ہے ، وزیر اعظم نے بھی شجاع خانزادہ کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ ان کی شہادت سے پاکستانی قوم ایک اہم رہنما سے محروم ہوگئی ہے ان کے خلاء کو کبھی پُر نہیں کیا جا سکتا،ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک میں امن وامان سمیت ملک کی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ،جس میں ایم کیو ایم کے استعفوں کا معاملہ بھی زیر غور آیا،دونوں رہنماؤں نے معاملے کو افہام وتفہیم اور جلد از جلد حل کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔