اٹک دھماکہ، دہشتگردوں کا ڈی این اے حاصل کر لیا گیا،نادرا کی جانب سے فنگر پرنٹس اور دیگر ریکارڈ بھی مو صو ل ،انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ میں مقدمہ درج،شجاع خانزادہ کی شہادت پر بلوچستان میں ایک روزہ سوگ منا یا گیا

منگل 18 اگست 2015 09:34

اٹک/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اگست۔2015ء)اٹک دھماکہ کے دو خودکش بمباروں کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے نمونے حاصل کر لئے گئے ، مقدمہ متعلقہ تھانہ رنگو میں درج کرنے کے بجائے کاوٴنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹک دھماکہ کے دو خودکش بمباروں کے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے نمونے لئے گئے۔نادرا کی جانب سے فنگر پرنٹس اور دیگر ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ، فرانزک ٹیم نے جائے حادثہ سے مختلف شواہد حاصل کرلئے۔

ذرائع کے مطابق اٹک میں صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر گزشتہ روز ہونیوالے خودکش دھماکے کا مقدمہ رنگو تھانہ کی بجائے تھانہ کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی میں درج کر لیا گیا۔مقدمہ قتل، اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج ہوگا ، اٹک خود کش دھماکہ تھانہ رنگو کی حدود میں ہوا تھا جس میں صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ سمیت انیس افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

شہید صوبائی وزیر کے گھر اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود ہے ، شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی جا رہی ہے۔ادھر حکومت بلوچستان نے وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر )شجاع خانزادہ کی شہادت پر بلوچستان بھر میں ایک روزہ سوگ منا یا ۔سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت بلوچستان نے اٹک خودکش حملے میں وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر )شجاع خانزادہ سمیت انیس افراد کی شہادت پر صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا ،اس موقع پر کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں سوگ کی کیفیت رہی اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ر ہے۔

متعلقہ عنوان :