سکیورٹی حکام نے کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے کلیئرنس دیدی

منگل 18 اگست 2015 08:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 اگست۔2015ء)کراچی کے اعلٰی حکام نے شہر میں انٹرنیشنل کرکٹ کے انعقاد کیلئے گرین سنگل دیدیا۔ چیئرمین پی سی بی شہریارخان سے ملاقات کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ اور کمشنرکراچی نے سیکیورٹی کلیئرنس دیدی۔کراچی کے ٹاپ سکیورٹی آفیشلز کورکمانڈر، ڈی جی رینجرز سندھ اورکمشنر کراچی نے میٹروپولیٹن شہر میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے گرین سنگل دیدیا۔

چیئرمین پی سی بی شہریارخان گذشتہ تین دن سے کراچی موجود ہیں۔ انہوں نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز سندھ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر سے خصوصی ملاقات کی۔ جس کے بعد انکی کمشنر کراچی شعیب صدیقی سے بھی میٹنگ ہوئی۔پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے میں شہریارخان نے بتایاکہ اعلٰی حکام سے ملاقات حوصلہ افزا اور مثبت رہیں۔

(جاری ہے)

جس سے کراچی میں انٹرنیشنل میچز کے انعقاد کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی آفیشلز نے یقین دہانی کرائی کہ شہر میں امن وامان اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال بہت بہتر ہے۔ یہاں انٹرنیشنل میچزکرائے جاسکتے ہیں۔ پی سی بی پر زمبابوے کیخلاف سیریز کاکوئی بھی میچ کراچی میں نہ کرانے پرسخت تنقید کی گئی تھی۔ جس پر شہریار خان نے وضاحت کی تھی کہ زمبابوے کی ٹیم نے کراچی میں میچ کھیلنے سے انکارکردیا تھا۔شہریارخان نے بتایاکہ بنگلہ دیش کی ویمنز ٹیم اس سال کراچی میں میچ کھیلے گی۔ انہوں نے اگلے سال بھارت میں ہونیوالے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی سے پہلے کوالیفائرز ٹیموں ہانگ کانگ اور اومان کو بھی مدعو کیاہے۔ انکا کہنا ہے کہ یہ میچز کراچی میں منعقد کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :