محکمہ صنعت کا این جی اوز کو تصدیق کیلئے 15دن کا دوبارہ نوٹس ، 1486این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی کے لیے سیکرٹری سماجی بہبود کو خط لکھ دیاگیا ہے

جمعہ 21 اگست 2015 09:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2015ء).بلوچستان میں غیر فعال اور جعلی این جی اوز کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کریک ڈاون شروع کردیا گیا ہے۔ محکمہ صنعت نے محکمہ کے تحت رجسٹرڈ 1226این جی اوز کو معطل کردیا، جبکہ محکمہ سماجی بہبود نے 1486این جی او کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محکمہ صنعت کے ذرائع کے مطابق محکمہ انڈسٹریز بلوچستان میں 1226این جی اوز اور ایجوکیشنل سوسائٹز رجسٹرڈ ہیں۔

نیشنل ایکشن پلان کے آنے کے بعد اب محکمہ صنعت نے صوبے میں رجسٹرڈ این جی اوز کی مکمل چھان بین کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام این جی اوز کو نوٹس جاری کردیا ہے، جس میں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15دن کے اندر امدنی کے ذرائع، 5سال میں مکمل ہونے والے منصوبے، غیر ملکی اداروں سے لی جانے والی امداد بینک اکاونٹس کی تفصیل سمیت دیگر معلومات فراہم کریں، لیکن ان تمام این جی اوز نے معلومات فراہم نہیں کیں، جس پر ان این جی او کو 3ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ سماجی بہبود نے اپنے محکمہ سے رجسٹرڈ 1500این جی اوز کی جان پڑتال بھی شروع کر رکھی ہے، جس میں معلوم ہوا ہے کہ اس محکمہ کے تحت رجسٹرڈ 1601 این جی اوز میں صرف 115این جی اوز نے اپنی دوبارہ تصدیق کرائی، جس پر محکمہ سماجی بہبود نے 1486این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لیے سیکرٹری سماجی بہبود کو خط لکھ دیا ہے۔