ای گورننس کا فروغ ترجیح ہے، سمارٹ فونز سے سرکاری امور کی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیاگیا ہے ‘شہبازشریف،وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گوگل ایشیاء پیسفک کی ڈائریکٹر پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ افےئرز این لیون کی ملاقات ،پنجاب حکومت اورگوگل کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 21 اگست 2015 09:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گزشتہ روز یہاں گوگل ایشیاء پیسفک کی ڈائریکٹر پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ افےئرز این لیون (Ms.Ann Lavin ) نے ملاقات کی،جس میں پنجاب حکومت اورگوگل کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیزرفتار ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پنجاب حکومت صوبے میں ای گورننس کے فروغ کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔مختلف اداروں کی استعدادکار بڑھانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا گیا ہے ۔جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جارہاہے۔

(جاری ہے)

تعلیم،صحت،انفراسٹرکچر،امن عامہ،پولیس اوردیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کیا جارہا ہے جبکہ صوبے میں انسداد دہشت گردی کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارمینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے اراضی اورفرد ملکیت کے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کیاگیا ہے جس سے عوام کیلئے اراضی کی دستاویزات کا حصول آسان بنادیاگیاہے اورجدید ٹیکنالوجی کی بدولت کرپشن،دھوکہ دہی وجعلسازی کا خاتمہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ فونز کے ذریعے سرکاری امور کی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیا ہے اور سٹیزن فیڈ بیک کے نظام کے ذریعے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایاجارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کی پبلک سیکٹر میں پہلی انفارمیشن ٹیکنالوجی یورنیورسٹی قائم کی گئی ہے جو طلبا ء وطالبات کو جدید علوم سے آراستہ کرنے میں اہم کردارادا کررہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوگل کلچر انسٹی ٹیوٹ پراجیکٹ اورگوگل سٹریٹ ویو پراجیکٹ ثقافت کے فروغ کیلئے اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ گوگل اور لاہور میوزیم کے مابین اشتراک کار خوش آئند ہے اورپنجاب حکومت گوگل کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔

گوگل ایشیاء پیسفک کی ڈائریکٹر پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ افےئرز این لیون نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے اورگوگل کا اعلی سطح کا وفداگلے ماہ پاکستان آئے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔اس موقع پر چےئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف اورسیکرٹری اطلاعات مومن آغا بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :