تحریک انصاف کے خلاف بیان بازی رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے نام سے وزیر اعظم ہاؤس سے ہونے لگی

پیر 21 ستمبر 2015 09:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21ستمبر۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے خلاف بیان بازی رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے نام سے وزیر اعظم ہاؤس سے ہونے لگی ہے۔وزیر اعظم ہاؤس کے میڈیا ہاؤس سے رکن قومی اسمبلی کے بیان باقاعدگی سے جاری ہونے لگے ہیں ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید ی بیان جو داغے جاتے ہیں وہ بیان وزیر اعظم کے ذاتی پی آر او کی جانب سے جاری ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے میڈیا ونگ کو خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف روزمرہ کی بنیاد پر بیان داغا جائے اور وہ بیان رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے نام سے جاری کیا جائے ۔واضع رہے کہ وزیر اعظم ہاؤس نے اپنے میڈیا ونگ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک بار پھر تبدیلی کی گئی ہے کیونکہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ،پاکستان تحریک انصاف و دیگر کے حوالے سے جو بھی پالیسی بیان جاری کیا جائے یا کسی کا بھی بیان دینا ہوتو وہ پی ایم ہاؤس سے ہی جاری ہو ،اس سے قبل یوتھ لون پروگرام کی چیرپرسن مریم نواز کے ٹویٹ اور بیان بھی جاری کیے جارہے تھے ۔