پاکستان دنیا میں پرانے کپڑوں کی درآمدکا سب سے بڑا ملک بن گیا،ہر سال لاکھوں میٹرک ٹن پرانے کپڑے دیگر ممالک سے پاکستان درآمد کئے جاتے ہیں، آنے والی سردیوں میں بھی لاکھوں میٹرک ٹن پرانے کپڑوں کے آرڈر دے دئیے گئے ہیں ، ملک میں تیار ہونے کپڑوں کی فروخت پر منفی اثرات مرتب

پیر 21 ستمبر 2015 09:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21ستمبر۔2015ء) پاکستان دنیا میں پرانے کپڑوں کی درآمدکا سب سے بڑا ملک بن گیاہر سال لاکھوں میٹرک ٹن پرانے کپڑے دیگر ممالک سے پاکستان درآمد کئے جاتے ہیں آنے والی سردیوں میں بھی لاکھوں میٹرک ٹن پرانے کپڑوں کے آرڈر دے دئیے گئے ہیں جس کے ملک میں تیار ہونے والے کپڑوں کی فروخت پر منفی اثرات مرتب ہور ہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کئے جانے والے دستاویزات کے مطابق پاکستان دنیا میں پرانے کپڑوں کے استعمال کا سب سے بڑا ملک بن چکا ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں پرانے کپڑوں کی درآمد پر کئی قسم کی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں پاکستان میں افغانی تاجر پرانے کپڑوں کا سب سے زیادہ بزنس کر رہے ہیں اور ہر سیزن میں اربوں روپے بغیر ٹیکس اد کئے کماتے ہیں دستاویزات کے مطابق 2013/14کے دوران دیگر ممالک سے پاکستان کو 443700میٹرک ٹن پرانے کپڑے درآمد کئے گئے جبکہ 2014/15میں 466436میٹرک ٹن پرانے کپڑے درآمد کئے گئے اور امسال سردیوں کے لئے بھی بڑے آرڈر دئیے گئے ہیں دوسری جانب سے پاکستان کی مقامی ملبوسات تیار کرنے والے صنعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بڑے پیمانے پر غیر ملکی کپڑوں کی درآمد سے ان کے کاروبار پر برا اثر پڑتا ہے لہذا پرانے کپڑوں کی درآمد پر بھی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی جائے ۔