ڈی جی رینجرز سندھ کی گوورنر سندھ سے ملاقات،آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ ،نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال

بدھ 18 نومبر 2015 09:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔اس موقع پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات کا عزم کیا گیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں پر اطمینان کااظہار کیا انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کاروائیوں میں واضح حد تک کمی آئی ہے اور عوام کا بھروسہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز پر بڑھا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں خصوصاً رینجرز نے عوام میں تحفظ کا احساس بیدار کرکے اہم کارنامہ انجام دیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ عسکری اداروں کے ساتھ ساتھ پوری قوم کا عزم ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت شروع ہونے والا یہ آپریشن آخری دہشت گرد اور جرائم پیشْ فرد کے خاتمہ تک جاری رہے تاکہ مستقبل میں کسی دہشت گرد کو سراٹھانے کا موقع نہ مل سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور رینجرز اس جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ ہر ایک سپاہی کا یہ عزم ہے کہ اس ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو۔ڈی جی رینجرز نے صوبہ بھر میں سیکورٹی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا اور کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے موقع پر رینجرز نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر فول پروف اقدامات کئے ہیں اور کسی بھی جرائم پیشہ فرد یا قانون کو ہاتھ میں لینے والے سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :