میانوالی،عمران خان کے آبائی علاقے پائی خیل میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی عائد،خواتین تحریک انصاف کی سپورٹرز ہیں،بلدیاتی الیکشن میں روکا گیاتو عدالت جاؤں گا،ایم پی اے صلاح الدین

بدھ 18 نومبر 2015 09:04

میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے آبائی حلقے میں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ،تحریک انصاف نے جرگے کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق میانوالی چےئرمین تحریک انصاف عمران خان کا آبائی حلقہ ہے جہاں خواتین کے ووٹ ڈالنے پر نہ صرف پابندی لگائی گئی ہے بلکہ بلدیاتی الیکشن کے روز گھروں سے نہ نکالنے کا حکم دیا گیا ہے،میانوالی میں ایم این اے مسلم لیگ (ن) کا اور ایم پی اے تحریک انصاف ہونے کے باوجود علاقے کے جرگہ نے فیصلہ کیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران وہ اپنی خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے کسی صورت اجازت نہیں دیں گے ، اس فیصلے کے بعد اب یو سی پائی خیل میں 19نومبر کو خواتین ووٹ نہیں ڈال سکیں گی،تحریک انصاف کے ایم پی اے صلاح الدین نے بتایا کہ 2013 کے الیکشن کے بعد علاقے میں بڑی تبدیلی آئی ہے،الیکشن میں علاقے میں بڑی تعداد میں خواتین نے گھروں سے نکلی تھیں اور50 فیصد خواتین نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا تاہم علاقے کے بااثر اور سیاسی مخالفین کی ملی بھگت سے خواتین کو ایک بار پھر ووٹ کاسٹ کرنے سے روکا جارہا ہے ،علاقے میں بڑی تعداد میں خواتین تحریک انصاف کو سپورٹ کررہی ہیں اس لئے مخالفین نے ان کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کر دی ہے ،انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اس کا فوری نوٹس لیں اورخواتین کو ووٹ کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب حکومت کو احکامات جاری کرے،خواتین اگر ووٹ کاسٹ نہ کرنے دیا گیا تو پھر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا۔