وفاقی پولیس کی وزیر داخلہ کے نام پر تھانوں میں لاکھوں کی ڈیل ،لین دین کے معاملات پر مقدمات درج،بے گناہ شہریوں کی صداؤں کو وفاقی وزیر کے نام پر خاموش کرا دیا گیا،شیڈ کی خریدوفرخت کے معاملے پر ایس پی رضوان گوندل کی سفارش پر مقدمہ درج،سب انسپکٹر کی دھمکیاں

بدھ 18 نومبر 2015 09:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2015ء) وفاقی پولیس وزارت داخلہ کے نام پر لین دین کے معاملات پر مقدمات درج کر کے لاکھوں روپے وصول کرنے لگی ہے ۔ بے گناہ شہریوں کی صداؤں کو وفاقی وزیر کے نام پر خاموش کرا دیا گیا ۔ اسلام آباد میں پولیس افسران نے اب ایک نئے حربہ سے لین دین کے معاملات کو ازخود مقدمات درج کر کے ڈیل کرنا شروع کر دیا ہے ۔

تھانہ گولڑہ میں وحید شیخ نامی ایک شخص نے درخواست دی کہ انہوں نے چند سال قبل ملزم عرفان وغیرہ سے ایک شیڈ خریدا تھا جس کا انہیں خسارہ آیا لہذا خسارہ پورا کرنے کے لئے شیڈ فروخت کرنے والوں سے رقم دلوائی جائے ۔ ایس پی رضوان گوندل کی سفارش پر فوراً مقدمہ ہوا اور پولیس سب انسپکٹر ادریس نے ملزمان پارٹی سے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کا حکم ہے کہ ہر حال میں مدعی کی رقم وصول کی جائے اس میں تفتیش کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پولیس آفیسر نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کاروباری لین دین میں مدعی کا حق نہیں بنتا اور وہ شیڈ فروخت کر چکے ہیں تاہم وفاقی وزیر چودھری نثار کا حکم ہم ٹال نہیں سکتے ۔ اس حوالہ سے دیگر تھانوں میں بھی ایس پی اور ڈی ایس پیز وزارت داخلہ کا نام استعمال کر کے بے گناہ شہریوں سے لاکھوں روپے کی ڈیل میں مصروف ہیں ۔ خبر رساں ادارے ذرائع کے مطابق متعدد پولیس آفیسران نے سی ڈی اے کی زمینوں پر قبضہ کر کے پھر اسے سیکٹر بنا کر فروخت کئے جس سے انہوں نے کروڑوں روپے کمائے ہیں سب انسپکٹر ادریس بھی کروڑ پتی بن چکے ہیں ۔ 2 پلاٹوں پر قبضہ کر کے سیکٹر بنانے اور بیچ کر ہضم کر گئے ۔

متعلقہ عنوان :