یونین کونسل ایک، پریزائیڈنگ افسر لیگی امیدوار کو جتوانے کے لیے دھاندلی کرتے پکڑا گیا،رات دس بجے پی ٹی آئی کے امیدوار کی بھاری لیڈ ہو گئی تو پرئیزائیڈنگ افسر تلہاڑ گاؤں جا کر ووٹوں کی گنتی کرنے لگا،پی ٹی آئی کے ووٹوں پر شیر کی مہریں لگا کر 200ووٹ کینسل کر دیئے گئے،اطلاع پر پی ٹی آئی کے امیدوار بھی تلہاڑ پہنچ گئے،دوبارہ گنتی پر لیگی امیدوار پھر ہار گیا،لیگی امیدوار کا پی ٹی آئی امیدوار پر پتھراؤ،کئی زخمی،پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کر دی

بدھ 2 دسمبر 2015 09:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2دسمبر۔2015ء)الیکشن کمیشن کی مبینہ ملی بھگت سے پریزائیڈنگ افسر یونین کونسل ایک میں مسلم لیگ ن کے چیئرمین کے امیدوار کو جتوانے کے لیے رات ایک بجے دھاندلی کرتے ہوئے پکڑا گیاجس پر لیگی امیدوار نے اپنے حامیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی کے امیدوار کو پہاڑوں میں گھیر کر پتھر مار مار کر لہولہان کر دیا۔ امیدوار سمیت متعددزخمی رات گئے ہسپتال پہنچ گئے۔

کوہسار پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کنٹرول کر لیے ۔خبر رساں ادارے کو ملنے والی اطلاع کے مطابق یونین کونسل ایک میں پی ٹی آئی امیدوار راجہ شیراز کیانی اورلیگی امیدوار ملک منظور کے درمیان مقابلہ تھا ،رات دس بجے کے قریب جب پی ٹی آئی کے امیدوار کی بھاری لیڈ ہو گئی تو پرئیزائیڈنگ افسر تلہاڑ گاؤں جو کہ پہاڑوں کے درمیان واقع ہے وہاں ووٹوں کے تھیلے لے جاکر گنتی کرنے لگا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولنگ عملہ مدھم روشنی میں پی ٹی آئی کے ایجنٹوں کو مبحوس کر کے پی ٹی آئی کے ووٹوں پر شیر کی مہریں لگا کر ووٹ کینسل کرنے لگا 200ووٹ کینسل ہونے کے بعد جب پی ٹی آئی کے امیدوار کو معلوم ہوا تو وہ بھی تلہاڑ پہنچ گئے اور پولنگ عملہ کو لیگیوں کے ہمراہ دھاندلی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ،تاہم وہاں پر بھی پی ٹی آئی کو 150ووٹوں سے برتری ہو گئی ،تمام تر دھاندلی کی اطلاع کوہسار پولیس اور دیگر اداروں کو بھی دی گئی تاہم انکی جانب سے معمولی تاخیر ہونے پر ہارنے والے لیگی امیدوار نے اپنے حامیوں کے ہمراہ پہاڑ پر چڑھ کر پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ شیراز کیانی اور انکے حامیوں کو گھیرے میں لیکر پتھر مار مار کر لہولہان کر دیا،پتھراؤ سے توقیر نامی شخص کو شدید چوٹیں آئیں اور وہ ہسپتال میں داخل ہیں۔

خبر رساں ادارے کو ایک پولیس افسر نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر واقعہ الیکشن کمیشن کی سستی اورپولنگ عملہ کی وجہ سے ہوا ہے ۔نو منتخب پی ٹی آئی کے امیدوار راجہ شیراز کیانی نے بتایا کہ تھانہ کوہسار میں تمام تر واقعہ کی درخواست دی ہے امید ہے کہ انصاف ملے گا۔