کویت ایئر لائن نے اسرائیلی مسافروں کا بائیکاٹ کر دیا،فضائی کمپنی کی جانب سے نیویارک سے لندن کے لیے فضائی سروس معطل

جمعہ 18 دسمبر 2015 09:41

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2015ء) کویت کی سرکاری فضائی کمپنی نے نیویارک سے لندن کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ کویت کی جانب سے پروازوں کی معطلی کا مقصد اسرائیلی مسافروں کولے جانے کا بائیکاٹ کرنا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے گذشتہ ستمبر میں کویتی فضائی کمپنی کی اسرائیلی مسافروں کے حوالے سے اختیار کردہ پالیسی پر کڑی تنقید کی تھی اور کمپنی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسرائیلی مسافروں کے ساتھ امتیازی سلوک کا سلسلہ بند کرے۔

امریکی وزارت ٹرانسپورٹ کے ترجمان نے گذشتہ روز بتایا کہ واشنگٹن کی جانب سے کویت ایئر لائنز کو ایک مراسلے میں آگاہ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی مسافروں کے ساتھ امتیازی سلوک برت رہی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم کویتی کمپنی نے اس پیغام کے باوجود نیویارک سے لندن تک اپنے پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کویتی فضائی کمپنی کی جانب سے اسرائیلی مسافروں کو سوار نہ کرنے کا فیصلہ سنہ 2013ء میں ایک اسرائیلی شہری داد گات کے اس تنازع کے تناظر میں کیا گیا ہے جس میں کویتی فرم نیاسرائیلی شہری کو جہاز کا ٹکٹ جاری کرنے سے روک دیا تھا۔

اس کے بعد سے متعدد مرتبہ کویتی کمپنی اسرائیلی شہریوں کے شناختی کارڈز پرانہیں سفر کی اجازت دینے سے منع کرتی رہی ہے۔ دوسری جانب کویت ایئرلائنز کاکہنا ہے کہ اس کے ملک کا قانون اسرائیل سمیت کسی بھی ایسے ملک یا شخص کے ساتھ ساتھ کمرشل مقاصد کے لیے تعاون کی اجازت نہیں دیتا جسے قانونی طور پر کویت تسلیم نہیں کرتا ہے۔