ہماری حکومت سے قبل اسلام آباد ایک منڈی بنا ہوا تھا وزیر داخلہ پہلے ایسے وزیر ہیں جن پر ایک روپے کرپشن کا الزام نہیں۔طلال چوہدری

جمعہ 18 دسمبر 2015 09:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے راہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری حکومت سے قبل اسلام آباد ایک منڈی بنا ہوا تھا وزیر داخلہ پہلے ایسے وزیر ہیں جن پر ایک روپے کرپشن کا الزام نہیں ۔ پی آئی اے کے ملازمین کو چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے جو مثال آج پیش کی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ میں کھل کر بات کریں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں آتے ہیں لیکن جب وہ باہر بھی ہوتے ہیں تو پارلیمنٹ کے کام پر ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہر پالیسی پر ہاؤس میں بحث ہو گی جس سے تمام مسائل کا حل نکلے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے قبل اسلام آباد منڈی بنا ہوا تھا پہلے سے اسلام آباد کا موازنہ کیا جائے تو واضح تبدیلی نظر آتی ہے وزیر داخلہ ایک ایسے وزیر ہیں جن پر ایک روپے کرپشن کا الزام نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کو چاہئے کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر کریں اگر کسی ادارے کی کارکردگی بہتر نہ ہو اور قومی خزانے پر بوجھ بن جائے تو ایسے وقت میں نجکاری کی ضرورت پڑتی ہے ۔ نقصان میں ادارے نہیں چلائے جا سکتے ۔