وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس،متعدد مسودہ قانون اورترمیمی بلوں کی منظوری، پنجاب اینیمل سلاٹر کنٹرول ترمیمی بل اور پنجاب پولٹری پروڈکشن ایکٹ 2013 کے مسودہ قانون کی منظوری ،بل کے تحت حرام یا مردارگوشت فروخت کرنیوالوں کو 4سے 8برس قیداور3لاکھ سے 5لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا،غیر معیاری،مضرصحت،حرام یامردار گوشت کی فروخت ناقابل ضمانت جرم ہوگا،سزاوٴں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ،پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن کمیشن بل2014کے تحت نجی سکولوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے 17رکنی کمیشن بنے گا،بل کے تحت نجی سکول10فیصد کم وسیلہ اورہونہار طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم دینے کے پابند ہوں گے،پنجاب ر یسٹرکشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 2015 کے مسودہ قانون کے تحت 14برس تک کی عمر کے بچوں سے ہر قسم کی صنعتی لیبر ممنوع ہوگی،پنجاب کابینہ کابلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اظہار اطمینان،شہبازشریف کی قیادت کو خراج تحسین،بلدیاتی الیکشن میں امن عامہ کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے بہترین انتظامات پرکابینہ کمیٹی ،انتظامیہ اورسکیورٹی اداروں کو وزیراعلیٰ کی مبارکباد

جمعہ 18 دسمبر 2015 09:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں پنجاب اینیمل سلاٹر کنٹرول ترمیمی بل 2015(Punjab Animal Slaughter Control (Amendmend)Bill) اور پنجاب پولٹری پروڈکشن ایکٹ 2013 کے مسودہ قانون کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن کمیشن بل 2014 بھی منظور کیا گیاجبکہ کابینہ نے پنجاب ر یسٹرکشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 2015 (The Punjab Restriction of Employment of Children Act 2015)کے مسودہ قانون اور پنجاب ڈومیسٹک ورکرز پالیسی 2015 کی بھی منظوری دی۔

پنجاب کابینہ نے بلدیاتی انتخابات کے تینوں مراحل میں امن عامہ کی فضاء یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی کے شاندار انتظامات اورنیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے کیے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا،اجلاس میں بلدیاتی الیکشن میں فول پروف سکیورٹی انتظامات اورنیشنل ایکشن پلان پرموثر عملدر آمد کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کی متحرک قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے تینوں مراحل میں امن عامہ کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بہترین انتظامات کیے گئے۔عوام کو پر امن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا یا گیا۔وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان،چیف سیکرٹری،انسپکٹرجنرل پولیس،سیکرٹری داخلہ اورقانون نافذ کرنیوالے اداروں کے حکام کوبلدیاتی انتخابات کے موقع پر شاندار انتظامات پر مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے جامع اقدامات کے باعث مجموعی طورپربلدیاتی الیکشن کے مراحل پرامن رہے اورعوام کو بہترین ماحول میں اپنے ووٹ کے استعمال کا حق دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پنجاب کے عوام نے ایک بار پھر وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کیا کہ وہ دھرنے نہیں ملک کی ترقی اورخوشحالی چاہتے ہیں اسی لئے بلدیاتی انتخابات میں عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں کو بھر پور جواب دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہبلدیاتی الیکشن کے نتائج نے بھی 2013ء کے عام انتخابات کی شفافیت پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے ۔کابینہ کے اجلاس میں منظور کیے گئے پنجاب اینیمل سلاٹر کنٹرول ترمیمی بل 2015 کے تحت حرام یا مردارگوشت فروخت کرنیوالوں کو 4سے 8برس قیدکی سزا اور3لاکھ سے 5لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ترمیمی بل کے تحت غیر معیاری یا مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کیلئے بھی سزاوٴں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔

غیر معیاری،مضرصحت،حرام یامردار گوشت کی فروخت ناقابل ضمانت جرم ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے ۔مالی مشکلات سے دو چارذہین و مستحق بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے بھی شاندار پروگرام شروع کیے ہیں ۔کابینہ کے اجلاس میں منظور کیے گئیپنجاب پرائیویٹ ایجوکیشن کمیشن بل 2014 کے تحت نجی سکولوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے17رکنی کمیشن بنے گا۔

بل کے تحت نجی سکولوں کی درجہ بندی ہوگی جس کے ذریعے فیس سٹرکچر کو ریگولیٹ کیا جاسکے گا۔بل کے تحت نجی سکول 10فیصدکم وسیلہ اورہونہارطلباء و طالبات کومفت تعلیم دینے کے پابند ہوں گے۔کمیشن نجی سکولوں میں اساتذہ کے استحصال کی بھی روک تھام کیلئے کردارادا کرے گا۔ اضلاع کی سطح پرتشکیل دی گئی کمیٹیاں قانون پر عملدر آمد یقینی بنائیں گی۔کمیشن کے قیام کے 90روزبعدنجی سکولزکو رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے سے چائلڈ لیبر کا خاتمہ پنجاب حکومت کا عزم ہے اور صوبے سے بچوں سے جبری مشقت کا ہر قیمت پر خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے قوانین پر سختی سے عملدر آمد کرایاجائے اوراس مقصد کیلئے متعلقہ محکمے بھر پور انداز میں کام کریں۔کابینہ اجلاس میں منظور کیے گئے پنجاب ر یسٹرکشن آف ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 2015 کے مسودہ قانون کے تحت 14برس تک کی عمر کے بچوں سے ہر قسم کی صنعتی لیبر ممنوع ہوگی۔

چیف سیکرٹری نے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ کی پہلی برسی کے حوالے سے پنجاب بھر میں ہفتہ شہداء منانے کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقریبات پر بریفنگ دی جبکہ سیکرٹری داخلہ نے صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔پنجاب کابینہ نے صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کے سسرکے انتقال پر دکھ اورافسو س کااظہارکیا اورمرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔