یمن میں حوثی باغیوں سے جنگ بندی کا معاہدہ کسی بھی وقت ختم ہو سکتا ہے۔سعودی قیادت میں اتحادیوں کی حوثی باغیوں کو وارننگ ،جنگ بند ی معاہدے کی 150مر تبہ خلاف ورزی کی جا چکی اقوام متحدہ باغیوں کو بتائے کہ برداشت کی کوئی حدہوتی ہے ،سعودی اتحاد

جمعہ 18 دسمبر 2015 09:44

صنعاء (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18دسمبر۔2015ء)یمن میں عسکری کارروائیاں کرنے والے سعودی عرب کی زیرِ قیادت اتحاد نے متنبہ کیا ہے کہ یمن میں حوثی باغیوں سے جنگ بندی کا معاہدہ کسی بھی وقت ختم ہو سکتا ہے۔اتحاد کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے بعد سے معاہدے کی 150 مرتبہ خلاف ورزی کی جا چکی ہے اور اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ باغیوں کو بتا دے کہ برداشت کی ایک حد ہوتی ہے۔

اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں یمنی حکومت اور شیعہ حوثی باغیوں کے درمیان سات روزہ جنگ بندی کا آغاز منگل کی دوپہر سے ہوا تھا۔سعودی اتحاد کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب بدھ کو فریقین نے سینکڑوں قیدیوں کا تبادلہ کیا ہے جو ملک میں قیامِ امن کے لیے مذاکرات کے آغاز کے بعد پہلا اہم قدم ہے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک میں فریقین کے درمیان حوثی باغی موومنٹ کے 360 اور 265 شہریوں اور حکومت نواز جنگجووٴں کا تبادلہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ فریقین پر زور دیتی رہی ہے کہ وہ سوئٹزرلینڈ میں بدھ کو ہونے والے مذاکرات کے موقعے پر قیدیوں کے تبادلہ کرے۔اِس تنازعے کے دوران مارچ سے اب تک تقریباً 5870 افراد مارے جا چکے ہیں۔مارچ ہی کے مہینے میں سعودی عرب کی قیادت میں ایک فوجی اتحاد نے یمن میں حْکومت کی بحالی کے لیے فوجی مہم جوئی شروع کی تھی اور حوثی باغیوں اور اْن کے حلیفوں کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔

حْکومت نواز جنگجووٴں اور حوثی باغیوں کے درمیان سات روزہ جنگ بندی کا اعلان تو منگل کے دن کیا گیا تھا لیکن دونوں فریقین ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات عائد کر رہے ہیں اِس دوران پہلے سے بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورت حال شدید خراب ہو گئی ہے اور کْل آبادی کے 80 فیصد کے برابر، یعنی دو کروڑ دس لاکھ افراد مدد کے منتظر ہیں۔

جنگ بندی کے باوجود دونوں فریق ایک دوسرے پر اِس کی خلاف ورزی کرنے کے الزامات لگاتے رہے۔سیکریٹری جنرل کے یمن کے لیے خصوصی نمائندے اسماعیل شیخ احمد نے یمن میں تشدد کے خاتمے کا آغاز اور دیر پا امن کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔اْنھوں نے فریقین کو اِس فیصلے کا احترام کرنے اور تنازعے کے خاتمے کی کوششیں کرنے کی تلقین کی ہے۔اسماعیل شیخ احمد نے کہا کہ فریقین اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کے نفاذ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں جو اْنھیں تشدد ختم کا پابند کرتی ہے اورایسے یک طرفہ اقدامات کرنے سے روکتی ہے جو سیاسی عمل کو خطرے میں ڈال دیں۔

اِس قرارداد میں حوثی باغیوں اور اْن کے حلیفوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے زیر قبضہ علاقے خالی کر دیں اور قبضے میں لیے ہوئے ہتھیار واپس کر دیں۔اِس سے جون کے مہینے میں جنیوا میں ہونے والے بالواسطہ امن مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :