سری لنکا ٹیم کے دو کھلاڑیوں سے میچ فکسنگ کیلئے رابطے کی تحقیقات کا آغاز،بک میکر نے سٹار بولر رنگانا ہیراتھ سمیت دو کھلاڑیوں کواپنی صلاحیت سے کم کارکردگی دکھانے پر مائل کرنے کی کوشش کی،دونوں نے پیش کش ٹھکر ا دی ، وزیر کھیل سری جیا سیکرا

اتوار 20 دسمبر 2015 10:11

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2015ء)سری لنکا میں حکام نے قومی کرکٹ ٹیم کے ویسٹ انڈیز کیخلاف انٹرنیشل میچ کو فکس کرنے کیلیے ایک مشتبہ بک میکر کی طرف سے سری لنکا کی ٹیم کے دو کھلاڑیوں سے رابطہ کرنے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے کہا کہ ایک مشتبہ بک میکر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک انٹرنیشنل میچ سے قبل دوکھلاڑیوں سے رابطہ کیا اور انھیں میچ فکس کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔

سری لنکا کے وزیر کھیل کے مطابق بک میکر نے سری لنکا کے سٹار بولر رنگانا ہیراتھ سمیت دو کھلاڑیوں کواپنی صلاحیت سے کم کارکردگی دکھانے پر مائل کرنے کی کوشش کی۔وزیر نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے بک میکر کی پیشکش کو ٹھکرا دیا اور اس پیشکش کے بارے میں حکام کو بھی مطلع کیا۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھی میچ فکسنگ کی اس کوشش کے بارے میں بتایا جا چکا ہے۔

سری لنکا اس میچ میں فاتح رہا تھا۔وزیر کھیل جیاسیکرا نے اکتوبر میں کولمبو کے میدان گال میں کھیلے جانے والے میچ کے شروع ہونے سے کچھ دیر پہلیایک بک میکر نے سپن بولر رنگانا ہیراتھ اور وکٹ کیپر بیٹسمین کوشل پریرا سے رابطہ کیا اور انھیں میچ میں اپنی صلاحیت سے کم کھیل پیش کرنے پر مائل کرنے کی کوشش کی۔وزیر کھیل نے بتایا کہ کوشل پریرا کی طرف سے پیشکش کو رد کیے جانے کے بعد اس نے رنگانا ہیراتھ سے رابطہ کیا۔ رنگانا ہیراتھ نے نہ صرف اس پیشکش کو مسترد کیا بلکہ اس کے بارے میں حکام کو بھی مطلع کیا۔وزیر کھیل جیاسیکرا نے بتایا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ اور پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :