سندھ میں ایک اور میگاکرپشن اسکینڈل سامنے آگیا،سجاول کے سیلاب زدگان کیلئے ترک حکومت کی جانب سے مکلی پر ترکش ہاؤسنگ اسکیم کے تحت بنائے گئے دوھزار سے زائد گھر غیر متعلقہ سفارشی افراد کے حوالے کئے جانے کا انکشاف

اتوار 20 دسمبر 2015 10:20

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20دسمبر۔2015ء) سندھ میں ایک اور میگاکرپشن کا اسکینڈل سامنے آیاہے ، پانچ سال قبل سجاول میں سیلاب کی تباہی کے بعد سجاول کے سیلاب زدگان کے لئے ترک حکومت کی جانب سے مکلی پر ترکش ہاؤسنگ اسکیم کے تحت بنائے گئے دوھزار سے زائد گھروں کو غیر متعلقہ سفارشی افراد کے حوالے کئے جانے کا انکشاف ہواہے ، ذرائع کا کہناہے کہ مذکورہ گھروں کو سیلاب متاثرین کو دینے کے بجائے جیالوں کی لسٹیں ترتیب دیکر تقسیم کیاگیاتھاتاہم اس پر عدالت سے رجوع کے بناء پر یہ کام روک دیاگیاتھا، تاہم اب دوبارہ ان گھروں کو تقسیم کرنے کے لئے خانہ پری کی کوشش کی جارہی ہے ، ذرائع کے مطابق سجاول کے لاکھوں سیلاب زدگان کے بجائے ٹھٹھہ کے بااثر جیالوں میں یہ گھر تقسیم کرنے کی تیاری کی گئی ہے ، جیالوں کے علاوہ غیرمتعلقہ افراد اور جعلی صحافیوں کے نام بھی ڈالے گئے ہیں ، بظاہر قرعہ اندازی کی خانہ پری کی جارہی ہے ، جس سے سجاول کے حقیقی متاثرین شدید مایوس ہیں ، دریائے سندہ میں پانچ سال قبل سیلاب سے سجاول شہر اور قریبی علاقہ متاثر ہوا تھا، او ر لاکھوں افراد کو نقل مکانی کرنی پڑی ،دیگر امدادی اداروں کے علاوہ ترک حکومت کی جانب سے یہ گھر بنانے کا اعلان کیاگیاتھا، تاہم اب یہ سجاول کے چند مخصوص جیالوں اور جعلی صحافیوں کے نام ڈالنے سمیت باقی ٹھٹھہ میں بااثر افراد میں سفارش پر تقسیم کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ، ذرائع کاکہناہے کہ سجاول او ر ٹھٹھہ ضلع میں سیلاب متاثرین کو وطن کارڈ کے نام پر ایک لاکھ سے زائد متاثرین کو مکمل ادائیگی نہ ہوسکی ہے غیرملکی ڈونرس کی جانب سے متاثرین کے لئے ایک لاکھ روپے فی خاندان کے حساب سے ادائیگی کی گئی تاہم وطن کارڈ میں بیس ہزار کی صرف دو سے تین قسطیں ادا کی گئیں ،باقی اربوں روپے کی رقم کی ادائیگی نہ ہوسکی ہے ،ذرائع کاکہناہے کہ یہ تما م رقم بنکوں میں رکھ کر کروڑوں روپے مارک اپ بھی کھایاگیا، جبکہ دو سے تین قسطوں کی اربوں روپے کی رقم ہی غائب کردی گئی ہے ، دوسری جانب متاثرین کے وطن کارڈاے ٹی ایم کے پن کوڈ بھی گم ہوگئے ہیں اور اے ٹی ایم کارڈ کی مدت دوہزار سولہ میں ختم ہوجائے گی ،اس طرح نہ رہے گا بانس اور نہ رہے گی بانسری، وطن کارڈ اور ترکش ہاوسنگ کی مد میں اربوں روپے کامیگاکرپشن کا اسکینڈل حکومت سندہ اور ضلعی انتظامیہ کے لئے درد سر بننے جارہاہے ، جس میں مقامی پی پی حکمران اور افسران ملوث ہیں سجاول کے سیلاب زدگان نے اس معاملے پر وفاقی احتسابی اداروں سے رجوع کرلیاہے ، متاثرین سیلاب نے مطالبہ کیاہے کہ فوری طور پر وطن کارڈ کی مد میں تمام ادائیگی مکمل کرائی جائے اور ترکش ہاؤسنگ اسکیم کے گھر سجاول کے حقیقی سیلاب متاثرین میں شفاف اندازمیں تقسیم کئے جائیں ،انہوں نے جعلی اور سفارشی ناموں کے خلاف کھلی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے ۔

متعلقہ عنوان :