چوہدری شجاعت نے پارٹی کی فعالیت کیلئے رہنماوٴں سے رابطے تیز کردئیے ہیں ،ڈاکٹر رضا چنا،ناراض رہنماوٴں کو منانے کیلئے اگلے ہفتے صوبے کا دورہ کریں گے ،سیکرٹری مسلم لیگ (ق) سندھ

منگل 29 دسمبر 2015 09:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2015ء)مسلم لیگ (ق )کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو سندھ میں فعال کرنے کیلئے سیاسی رہنماوٴں سے رابطے تیز کردئیے ہیں اور ناراض رہنماوٴں کو منانے کیلئے اگلے ہفتے سندھ کا دورہ کریں گے ، مسلم لیگ (ق )سندھ کے سیکریٹری ڈاکٹر رضا چنا نے خبر رساں ادارے کو بتایاہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے پچھلے ہفتے اسد جونیجو کو مسلم لیگ(ق )سندھ کا صدر اورطارق حسن کو جنرل سیکریٹری مقرر کیا ہے وہ اگلے ہفتے سندھ کا دورہ کریں گے اور اہم شخصیات کو پارٹی میں شامل کرنے کی دعوت دیں گے انہوں نے بتایا کہ جولوگ ناراض ہیں ان کو بھی منانے کے لیے چوہدری شجاعت حسین ان سے ملاقاتیں کریں گے اورپارٹی کی تنظیم سازی کریں گے انہوں نے بتایا کہ چوہدری شجاعت حسین اپنے دورے میں سید غوث علی شاہ، ارباب غلام رحیم، لیاقت جتوئی، شیرازی برادران سے رابطہ کریں گے اور انہیں مسلم لیگ (ق )مین شامل کرنے کی دعوت دیں گے وہ مسلم لیگ کے ڈھروں کے درمیان اتحاد قائم کرنے یا متحدہ مسلم لیگ بنانے کے لیے پیرپگارا اور دیگر بھی ملیں گے۔