یاسر شاہ پی سی بی میڈیکل پینل کے سامنے پیش ،29 سالہ یاسر کے جسم میں ہائپر ٹینشن کے علاج کیلئے استعمال ہونے والا کیمیکل کلورو تھیلیڈون پایا گیا تھا،یاسر شاہ کو آئی سی سی کا نوٹس ملنے کے بعد بورڈ معاملے کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے آئی سی سی کو منصفانہ نتیجے تک پہنچنے میں مکمل مدد کرے گا، پی سی بی ، پی سی بی سخت نگرانی کے ساتھ کھلاڑیوں کو اینٹی ڈوپنگ قوانین سے متعلق آگاہی کیلئے تعلیمی سیشن بھی منعقد کرتا ہے ، ترجمان

منگل 29 دسمبر 2015 09:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29دسمبر۔2015ء) پاکستان کے معطل شدہ اسپن اسٹار یاسر شاہ ڈرگ ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی وجوہات جاننے والے ایک میڈیکل پینل کے سامنے پیش ہو گئے۔29 سالہ یاسر کے جسم میں ہائپر ٹینشن کے علاج کیلئے استعمال ہونے والا کیمیکل کلورو تھیلیڈون پایا گیا تھا۔خیال رہے کہ یہ کیمیکل عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی ممنوعہ ادویات کی فہرست میں شامل ہے اور اسی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اتوار کو پاکستانی کھلاڑی پر عبوری پابندی لگا دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک جاری بیان میں کہا گیا ’یاسر شاہ کو آئی سی سی کا نوٹس ملنے کے بعد بورڈ معاملے کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے آئی سی سی کو منصفانہ نتیجے تک پہنچنے میں مکمل مدد کرے گا‘۔بیان میں کہا گیا کہ پی سی بی کرکٹ میں ممنوعہ اشیاء کے استعمال کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

’پی سی بی اس حوالے سے نہ صرف سخت نگرانی کرتا ہے بلکہ کھلاڑیوں کو آئی سی سی کے اینٹی ڈوپنگ قوانین سے متعلق آگاہ کرنے کے تعلیمی سیشن بھی منعقد کرتا رہتا ہے‘۔

خیال رہے کہ یاسر شاہ کے پاس پیشاب کے نمونے کے دوسرے ٹیسٹ کروانے کی درخواست دینے کیلئے سات دن ہیں، جس کے ایک ہفتے بعد وہ آئی سی سی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا آپشن استعمال کر سکیں گے۔یاسر شاہ کو ڈوپنگ معاملے پر دو سے چار سال پابندی کا سامنا ہو سکتا ہے اور توقع ہے کہ نیوزی لینڈ دورے کیلئے قومی تربیتی کیمپ میں ظفر گوہر ان کا متبادل ہوں گے۔