بلدیاتی اداروں کے میئرز ‘ چیئرمین صاحبان اور دیگر نمائندوں کو بااختیار بنا کر ترقی کے عمل میں شامل کیا جارہا ہے،رانا ثناء الله

شہباز شریف عنقریب پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے،انکی کی مشاورت سے ترقیاتی پروگرامز وضع کیا جائے گا ، کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ ( کوتھم ) کے سٹی کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 9 جنوری 2017 14:39

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9جنوری۔2017ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے میئرز ‘ چیئرمین صاحبان اور دیگر نمائندوں کو بااختیار بنا کر ترقی کے عمل میں شامل کیا جارہا ہے اس ضمن میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف عنقریب پنجاب کے بلدیاتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے جن کی مشاورت سے ترقیاتی پروگرامز وضع کیا جائے گا تاکہ وہ عوامی تواقعات پر پورا اتر سکیں اور جمہوری نظام موثر انداز میں پروان چڑھ سکے مو جودہ حکومت علمی ترقی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو مختلف پیشہ وارانہ فنون میں ہنر مند بنانے کے لئے متعدد انقلابی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے اس ضمن میں ٹورزم اور ہوٹل مینجمنٹ کے علوم و فنون میں مہارت کو فروغ دیکر روز گار کے ذرائع پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات مدینہ ٹاؤن میں نجی شعبہ میں قائم کئے گئے کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ ( کوتھم ) کے سٹی کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔چیئرمین ایف ڈی اے / ایم پی اے / ڈائریکٹر کوتھم شیخ اعجاز احمد ‘ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ زرعی یونیورسٹی ‘ جی سی یونیورسٹی اور جی سی وومن یونیورسٹی کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں ‘ پروفیسر محمد علی ‘ پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی ‘ ارکان اسمبلی حاجی اکرم انصاری ‘ میاں عبدالمنان ‘ بیگم خالدہ منصور‘محمد نواز ملک ‘ حاجی محمد الیاس انصاری ‘ فقیر حسین ڈوگر ‘ حاجی خالد سعید ‘ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر ‘ میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ ڈپٹی میئر شیخ یوسف ‘ چیئرمین بورڈ آف ایجوکیشن مہر غلام محمد جھگڑ ‘ ڈائریکٹر کالجز رانا منور خاں ‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر ( کوتھم ) احمد شفیق ‘ چیف ایگزیکٹو ستارہ گروپ میاں محمد ادریس اور دیگر افسران کے علاوہ عمائدین شہر ‘بلدیاتی نمائندے اور کوتھم کے ماہرین و طلبا و طالبات اس موقع پر موجود تھے ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ کوتھم کے فیصل آباد میں کیمپس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہاکہ اگرچہ ماضی میں ٹورزم اور ہوٹل مینجمنٹ انڈسٹریز کے علوم و فنون کی ترویج و ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہیں رہی تاہم موجودہ دور میں اس شعبہ میں معاشی سرگرمیوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے متعدد اقدامات کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ ٹورزم اور ہوٹل مینجمنٹ میں ماہرین پیدا کرکے انہیں ملکی اور غیر ملکی انڈسٹری میں کھپایا جا سکتا ہے جو کثیر زرمبالہ حاصل کرنے کا ذریعہ بھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں دنیا کی ترقی کا حصے دار رہا ہے کیونکہ پاکستانی ہنر مندوں اور محنت کشوں نے مشرق وسطی سمیت دیگر ممالک میں اپنی صلاحیتوں کو جوہر دکھائے ہیں اور اب بھی پاکستان ترقی کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جسے دنیا تسلیم کرتی ہے ۔ صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت پنجاب علوم و فنون کی ترقی میں قابل قدر خدمات انجام دینے والے نجی شعبہ کی بھر پور سرپرستی جاری رکھے گی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی ٹورزم و ہوٹل مینجمنٹ کے کورسز کے اجراء کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اس سلسلے میں وائس چانسلر صاحبان جدید فیکلیٹز کے قیام کے اقدامات کو آگے بڑھائیں ۔

انہوں نے کوتھم کی انتظامیہ کو سٹی کیمپس کے قیام پر مبارکباد دی اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کوتھم / ایم پی اے شیخ اعجاز احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شعبہ تعلیم کی ترقی اور ذہین طالبعلموں کی بھر پور حوصلہ افزائی کے لئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے انقلابی اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ علم و فنون کے فروغ کے بغیر کوئی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ کوتھم کے سٹی کیمپس کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو ٹورزم اور ہوٹل مینجمنٹ کے کورسز کی معیاری اور جدید سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کوتھم احمد شفیق نے بتایا کہ یہ ادارہ پندرہ سال سے سیاحت اور ہوٹل مینجمنٹ کے شعبہ میں مختلف کورسز کی سہولیات فراہم کررہا ہے جس کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر جی سی یونیورسٹی اور جی سی وومن یونیورسٹی کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر محمد علی اور پروفیسر ڈاکٹر نورین عزیز قریشی نے کوتھم کے قیام کو سراہتے اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ ایم این اے میاں عبدالمنان ‘ چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر ‘ میئر میونسپل کارپوریشن محمد رزاق ملک ‘ چیف ایگزیکٹو ستارہ گروپ میاں محمد ادریس و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو علم و فنون سے آراستہ کرنا کسی بھی جہاد سے کم نہیں ۔

اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کی خدمات بھی قابل ستائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوان اپنی ‘ اپنے خاندان اور ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں ۔ انہیں جدید علوم و فنون میں مہارت کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آنے چاہیں ۔ اس ضمن میں ٹورزم اور ہوٹل مینجمنٹ کے کورسز بھی فائدہ مند ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کوتھم انتطامیہ کو مبارکباد دی ۔بعدازاں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے ارکان اسمبلی اور کوتھم کی انتظامیہ کے ہمراہ فیتہ کاٹ کر سٹی کیمپس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی سمیت دیگر مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں اور کیک کاٹا گیا ۔