سعودی بحری جہاز پر خودکش حملہ، دو اہلکار شہید

عملے نے فوری کارروائی کرکے جہاز میں لگی آگ پر قابو پالیا، زخمی ہسپتال منتقل

بدھ 1 فروری 2017 11:26

جدہ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2017ء ) یمن کی الحدیدہ بندرگاہ کے قریب سعودی بحری جہاز پر حوثی باغیوں کے خود کش حملے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحاد کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے بحری جنگی جہاز پر حوثی باغیوں کی 3 خود کش بمبار کشتیوں نے حملے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

بیان میں بتایا گیا ہے کہ بحری جنگی جہاز کی طرف آنیوالے 3 میں سے 2 کشتیوں کو روک دیا گیا جبکہ بارود سے لدی ایک کشتی جہاز سے ٹکرا گئی، جس سے زور دار دھماکا ہوا اور جہاز میں آگ لگ گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ عملے نے فوری کارروائی کرکے جہاز میں لگی آگ پر قابو پالیا تاہم دھماکے نتیجے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے، زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔قبل ازیں یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی عرب شہر ظہران میں اقوام متحدہ کے دفتر پر راکٹ حملے کئے، جس کے نتیجے میں عالمی ادارے کی عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔