مسئلہ فلسطین حل کے بغیر خطے امن قائم نہیں ہوسکتا ،عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ،نوازشریف

پاکستان سمیت عالمی برادری مسئلہ فلسطین کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گی،وزیراعظم فلسطین مسئلہ کشمیرپر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے ،محمودعباس مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک بھارت مذاکرات کے حامی ہیں ، تعلیم اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کے شکر گزار ہیں، فلسطینی صدر کا مشترکہ کانفرنس سے خطاب

بدھ 1 فروری 2017 11:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2017ء)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین حل کے بغیر خطے امن قائم نہیں ہوسکتا ،عالمی برادری مسئلہ فلسطین حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے ،1996ء کی فلسطین سرحدوں کو دوبارہ بحال کرے ، پاکستان سمیت عالمی برادری مسئلہ فلسطین کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گی جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطین مسئلہ کشمیر کا پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے ، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیے ، مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک بھارت مذاکرات کے حامی ہیں ، تعلیم اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کے شکر گزار ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم محمدنوازشریف سے ملاقات کیلئے فلسطین کے صدر محمود عباس اپنے 17رکنی وفد کیساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے جہاں پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا ، بعض ازاں وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نوازشریف اور فلسطین کے صدر محمود عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاکہ فلسطینی صدر کے ساتھ ملاقات انتہائی اہم رہی اور پاکستان فلسطین میں اسرائیلی آبادی کے انخلاء کی حمایت کرتا ہے ، مسئلہ فلسطین کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا اس لئے عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے جبکہ پاکستان بھی فلسطین کے لئے اپنی حمایت جاری رکھے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 1996ء کی فلسطین سرحدوں کو دوبارہ بحال ہوناچاہیے اور مشرق وسطی میں امن کے لئے کی جانیوالی کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے جبکہ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہاکہ پاکستان مہمان نوازی کے حوالے سے مشہور ہے اور ہم مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں دل سے خوشی ہوئی ۔محمود عباس نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ، فلسطین مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے پاک بھارت مذاکرات کا حامی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم نوازشریف کو اسرائیلی مظالم اور مقبوضہ علاقوں میں تشدد پر آگاہ کیا ہے اس کے علاوہ خطے میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے ، ہماری اس اہم ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا ہے ۔فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی سفارت خانے کی تعمیر اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا ۔