نوجوان ملک کے مستقبل کی علمی معیشت کے پاسبان و پاسدار ہیں، احسن اقبال

پاکستان میں تعلیم کے چراغوں کی فرواں روشنی قومی خوش بختی کی علامت ہے موجودہ حکومت کا وڑن و منشور پاکستان میں علم و تعلیم کی ترقی ہے، تعلیمی و تدریسی معیار کو بلند کیے بغیر ہم حقیقی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتے،جامعہ گجرات کے نارووال کیمپس کی عمارات کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب

پیر 13 مارچ 2017 10:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13مارچ۔2017ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلمان معاشروں میں علم و تحقیق کا فروغ بہترین قومی خدمت ہے۔ پاکستان کے نوجوان مستقبل کی علمی معیشت کے پاسبان و پاسدار ہیں۔ پاکستان میں تعلیم کے چراغوں کی فرواں روشنی قومی خوش بختی کی علامت ہے۔ موجودہ حکومت کا وڑن و منشور پاکستان میں علم و تعلیم کی ترقی ہے۔

تعلیمی و تدریسی معیار کو بلند کیے بغیر ہم حقیقی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کر سکتے۔ جامعہ گجرات کے ناروال سب کیمپس کی بنیادیں رکھتے ہوئے مجھے اس امر کا قوی احساس ہے آج ہماری حکومت اہل نارووال پر کامیابی و خوش نصیبی کے نئے در وا کرنے جا رہی ہے۔ پروفیسر احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار جامعہ گجرات کے نارووال کیمپس کی عمارات کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ پاکستانی معاشرہ میں تعلیم کا علم بلند کر نا ایک کار نمایاں ہے۔ تعلیم و تدریس کا اعلی نظام پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک سنہری امید ہے۔ تعلیم نسلوں کی بھلائی کی آئینہ دار بنتے ہوئے ملکی ترقی کو چار چاند لگاتی ہے۔ جامعہ گجرات اپنے تعلیمی مشن کو کامیابی سے آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں اعلی تعلیم کے نظام کو جدید خطو ط اور مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں کوشاں ہے۔

اہل نارووال کے لیے جامعہ گجرات کے سب کیمپس کا قیام ایک خطیر تحفہ سے کم نہیں۔ سنگ بنیاد رکھے جانے کی اس تقریب میں چیئر مین ضلع کونسل احمد اقبال، چیئر مین بلدیہ نارووال سید اظہر الحسن، اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ محمد وسیم بٹ، کرنل شجاعت احمد خاں، رانا عبدالمنان کے علاوہ جامعہ گجرات کے رجسٹرار ڈاکٹر طاہر عقیل، ڈین ڈاکٹر فریش اللہ یوسفزئی، ڈین ڈاکٹر فوزیہ مقصود، انتظامیہ کے سینئر اراکین کے ساتھ ساتھ علاقہ کے عمائدین، عوامی نمائندگان، اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر UOG سب کیمپس نارووال صاحبزادہ فیصل خورشید نے کہا کہ نارووال میں یونیورسٹی آف گجرات کا قیام علاقہ کے لیے تعلیمی ترقی کے پیغام کو مزید ثبات عطا کرتے ہوئے نوجوان نسلوں کی فلاح کا باعث ہو گا۔ پروفیسر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اقتصادی راہداری کے خواب کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے نوجوان اساتذہ کی اعلی تعلیمی قابلیتوں کی تکمیل کے لیے امریکہ کے ساتھ علمی راہداری قائم کرتے ہوئے دس ہزار اساتذہ کی امریکی یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم و تربیت کا بندوبست کر رہا ہے۔

انسانی و افرادی سرمایہ کاری کا اتنا بڑا خواب پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔ ہم 2025ء تک پاکستان کو دنیا کی پہلی 25 بڑی معیشتوں میں شامل کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے ہر ضلع میں نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کی خاطر یونیورسٹیوں کا قیام ہماری حکومت کا مشن ہے۔ ذہنی و تخلیقی صلاحیتوں کا فروغ قومی کامیابی کی نشانی ہے۔

اختراع و جدت ہمیں کامرانی کے نئے راستوں سے رو شناس کرواتے ہوئے ملکی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کا جواز مہیاکرتے ہیں۔ انسانیت کی ترقی اور دنیا کے امن کے لیے ہمارے طلبہ اپنے حقیقی جوہر کو استعمال کرتے ہوئے ملکی ترقی میں ہاتھ بٹائیں۔ علم و تحقیق کا اصل مقصد مقامی مسائل کا حل دریافت کرتے ہوئے معاشرتی و سماجی فلاح ہے۔ طلبہ ہماری علمی و علاقائی ترقی کے روح رواں ہیں۔ قبل ازیں پروفیسر احسن اقبال نے ڈاکٹر ضیاء القیوم کی معاونت میں UOG نارووال سب کیمپس کی عمارات کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھتے ہوئے تختی کی نقاب کشائی کی۔