وزیرآباد ، مسلم لیگ (ن) کے 29ارکان اسمبلی کے پی ٹی آئی میں شا مل ہونے کے لئے بات مکمل ہو گئی، محمد احمد چٹھہ

پانامہ لیکس کا فیصلہ لکھا جا چکا ہے،کسی وقت بھی اعلان متوقع ہے، ضلع صدر پی ٹی آئی

پیر 13 مارچ 2017 10:52

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13مارچ۔2017ء) مسلم لیگ (ن) کے 29ارکان اسمبلی کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا عندیہ،بات چیت مکمل ہو گئی،پانامہ فیصلے کا انتظار،پانامہ لیکس کا فیصلہ لکھا جا چکا ہے،کسی وقت بھی اعلان متوقع۔اگلا الیکشن پی ٹی آئی نے لازمی جیتنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی آئی ضلع گوجرانوالہ کے صدر محمد احمد چٹھہ نے وزیرآباد کے پارٹی دفتر میں اخبار نویسوں سے غیر رسمی بات چیت کر تے ہو ئے کیا۔

محمد احمد چٹھہ نے کہا کہ (ن) لیگ کے بہت سے ارکان اسمبلی ان کے رابطے میں ہیں۔29ارکان کے ساتھ بات چیت مکمل ہو چکی ہے جو پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کسی وقت بھی کر سکتے ہیں تا ہم پانامہ پیپرز کے فیصلے کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ لکھا جا چکا ہے جو کسی وقت بھی آسکتا ہے جس کے بعد سیاست میں مزید ہلچل پیدا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلا الیکشن پی ٹی آئی نے ہر صورت جیتنا ہے ۔

عوام اپنے ووٹ کا استعمال جرأت اور عوامی مفاد میں کریں تو غیر جمہوری قوتیں خود بخود بے بس ہو جائینگی اور نتائج ملک و ملت کے مفاد میں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ عوام اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل پر نظر رکھیں اور کسی جھوٹے اور بے بنیاد پراپیگنڈے سے متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ قوم بہت نقصان اٹھا چکی ہے اب مزید کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے کہ تنظیم سازی کے حوالے سے حلقہ این اے 101کے شہری علاقوں علی پور چٹھہ،رسولنگر، وزیرآباد اور سوہدرہ پر توجہ مرکوز ہے اور ابتدائی تنظیم سازی بھی انہیں علاقوں میں مکمل کی جائے گی اور دیہی علاقوں میں دوسرے مرحلے میں مکمل کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو نوجوان سیاست اور جمہورت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اور پارٹی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں وہ آگے آئیں اور انتخابات جیتنے کے لئے محنت کریں۔کارکن عوام کو ان کی محرومیوں کا احساس دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ تعمیر و ترقی کے جو اعداد و شمار دے رہی ہے وہ بوگس ہیں اور عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے لوث نوجوانوں کے آگے آنے اور کام کرنے کا موقع دی جائے گا۔