امر یکی مخا لفت ،جی 20 نے پروٹیکشنسٹ تجارتی پالیسیوں کے خلاف کو ششیں ترک کر دیں

امریکہ فری تجارت میں یقین رکھتا ہے مگر متوازن تجارت چاہتا ہے،امریکی وزیرِ خزانہ

پیر 20 مارچ 2017 10:58

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20مارچ۔2017ء)دنیا کی بڑی ترین معیشت والے ممالک نے امریکہ کی جانب سے مخالفت کے بعد پروٹیکشنسٹ تجارتی پالیسیوں کے خلاف کام کرنے کا عہد ترک کر دیا ہے۔جی 20 وزرا نے دو روزہ ملاقات کے دوران تنظیم کی جانب سے ماضی میں اہم پالیسی فری ٹریڈ کو فروغ دینے کی تجدید نہیں کی۔گذشتہ سال تنظیم نے تمام طرح کے پروٹیکشنزم کی مخالف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وہ ’امریکہ پہلے‘ کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔ان کی پالیسیوں میں ان کمپنیوں پر جرمانے شامل ہیں جو اپنی مصنوعات امریکہ سے باہر تیار کرتی ہیں۔جی 20 کے اجلاس کے بعد امریکی وزیرِ خزانہ سٹیوو نیوچن کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کی جانب سے جی 20 مراسلے کے الفاظ تبدیل کروانے کی خواہش پر زیادہ غور نہیں کر رہے کیونکہ جو ان مراسلوں میں پہلے کہا جاتا تھا وہ اب غیر ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ امریکہ فری تجارت میں یقین رکھتا ہے مگر امریکہ متوازن تجارت چاہتا ہے۔جی 20 کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مراسلے میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے کوششوں کا ذکر بھی نہیں کیا گیا ہے۔ادھر صدر ٹرمپ پہلے ہی موسمیاتی تبدیلی کے روک تھام کے پروگراموں کی فنڈنگ میں کمی کا اعلان کر چکے ہیں۔فرانسیسی وزیرِ خزانہ نے اس موقعے پر کہا ہے کہ ان دونوں پالیسیوں کو مراسلے سے نکال دینا افسوس ناک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے افسوس ہے کہ ہم عالمی سطح پر اتنی اہم ترجیحات کے بارے میں تسلی بخش نتائج تک نہیں پہنچ سکے اور جن کے بارے میں فرانس چاہیا ہے کہ جی 20 اہم اقدامات کرے۔‘