پارلیمنٹ سے فوجی عدالتوں (ترمیمی مسودہ) میں توسیع پر وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کی اجلاس میں شرکت پر چہ میگوئیا ں شدت اختیار کر گئیں

شیخ رشید احمد نے عمران خان کو اجلاس میں شرکت کا مشورہ دیدیا

پیر 20 مارچ 2017 10:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20مارچ۔2017ء) پارلیمنٹ سے فوجی عدالتوں (ترمیمی مسودہ) میں توسیع پر وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کی اجلاس میں شرکت پر چہ میگوئیا ں شدت اختیار کر گئیں، شیخ رشید احمد نے عمران خان کو اجلاس میں شرکت کا مشورہ دیا ہے رواں ہفتہ دونوں ایوانوں سے بل کو اتفاق رائے سے منظور کرایا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے اجلاس کے بائیکاٹ ، واک آؤٹ اور کورم کی نشاندہی نہ کرنے کی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو یقین دہانی کروا دی ہے سپیکر نے وزیراعظم نواز شریف کا اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں۔

ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے رواں ہفتہ دونوں ایوانوں سے فوجی عدالتوں میں توسیع کے حوالے سے ترمیمی بل کو اتفاق رائے سے منظور کرانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کی اسمبلی یا سینیٹ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئے رابطوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر ایاز صادق اور سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق اس سلسلے میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں غالب مکان ہے کہ نوا زشریف کی سینیٹ یا اسمبلی کے اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔

وزیراعظم کے قریبی رفقاء نے وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ سینیٹ میں حکومتی جماعت کی اکثریت نہیں ہے لہذا انہیں سینیٹ اجلاس میں بل کی منظوری کے وقت شرکت کرنا چاہیے۔ تاکہ اپوزیشن جماعتوں میں اچھا تاثر دیا جاسکے۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشی داحمد نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ مقتدر حلقوں کو بہتر تاثر دینے کیلئے بل کی منظوری کے موقع پر اسمبلی میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔