سپریم جوڈیشل کونسل کے زیرس سماعت ریفرنس پر تبصرہ ، پیمرا نے ڈان نیوز کے پروگرام ’ذرا ہٹ کے ‘ پر 3روز کیلئے پابندی عائد کر دی

پیر 20 مارچ 2017 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل مارچ ء)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ڈان نیوز کے پروگرام ’ذرا ہٹ کے‘ میں سپریم جوڈیشیل کونسل کے احکامات کے برعکس اسلام آباد ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف زیرالتوا ریفرنس کو زیرِ بحث لانے پر مذکورہ پروگرام پر تین روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔

پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007؁،ْ)کی دفعہ 27کے تحت لگائی گئی یہ پابندی بدھ ،22مارچ 2017؁ء رات 11بجے تا جمعہ ،24مارچ 2017رات 12بجے تک نافذالعمل رہے گی ۔مورخہ 9مارچ 2017 ؁؁ء کو ’ذرا ہٹ کے‘ میں اینکر پرسنز مبشر زیدی، وسعت اللہ خان اور ضرار کھوڑو نے سپریم جوڈیشیل کونسل کے روبرو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے خلاف دائر ریفرنس پر بات کی تھی۔

(جاری ہے)

مذکورہ اینکر پرسنز کا یہ عمل پیمرا آرڈی ننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی متعدد دفعات، الیکٹرانک میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015اور سپریم جوڈیشیل کونسل کے 21نومبر 2015؁؁ء کے احکامات کی صریحاً خلاف ورزی تھی ۔اتھارٹی نے مذکورہ خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے 10مارچ 2017؁؁ء کو ایک اظہار وجوہ کے نوٹس کے ذریعے ڈان ٹی وی چینل کو 17مارچ 2017؁؁ء تک پیمرا کمیٹی کے روبرو اپنا موقف واضح کرنے کا حکم دیا ۔

مقررہ تاریخ کو ٹی وی چینل کے نمائندگان آغا بلال اور مبشر زیدی پیمرا کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے اور پروگرام ’ذرا ہٹ کے‘ میں عدلیہ کے خلاف کسی قسم کا بیان دینے یا اس کی توہین سے سراسر انکار کیا۔ تاہم ان کے تحریری جواب کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی اس نتیجہ پر پہنچی کی کہ مذکورہ پروگرام میں پیمرا قوانین اور سپریم جوڈیشیل کونسل کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

تین روزہ پابندی کے علاوہ ڈان ٹی وی کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ وہ ’Time delay mechanism‘ کو بھی موثر طور پر نافذ کرے اور ایک ادارتی کمیٹی کے ذریعے پروگراموں میں پیش کئے جانے والے مواد کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ پیمرا احکام کی خلاف ورزی پر چینل کے خلاف پیمرا آرڈی ننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی دفعہ 30کے تحت جو کہ لائسنس کی معطلی سے متعلق ہے کاروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :