سری لنکن بحریہ کی منشیات سمگلر زکیخلاف کارروائی ،چھ بھارتی گرفتار

پیر 3 اپریل 2017 11:39

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)سری لنکا کی بحریہ نے چھ بھارتی باشندوں کو حراست میں لے لیا ہے جو کہ دونوں ملکوں کو منقسم کرنے والی تنگ سمندری پٹی سے 13.5کلوگرام(29.7پونڈ) ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے،یہ بات ایک ترجمان نے کہی۔بحریہ کے ترجمان چمندا والاکولوگے نے کہا کہ مشتبہ افراد ماہی گیروں کے حلیے میں تھے۔والاکولوگے نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ منشیات سمگلرز خود کو ماہی گیر کے طور پر پیش کرکے سمگلنگ کر رہے تھے،ہم آنے والی منشیات کے حوالے سے الرٹ ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بحریہ نے 130کلوگرام(286پونڈ)ہیروئن اور کوکین اور 2140کلوگرام(4708پونڈ)چرس مجموعی طور پر گزشتہ سال قبضے میں لی ہے اور اسی عرصے میں کل 19بھارتیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔2014ء میں سری لنکا نے پانچ بھارتی ماہی گیروں کو منشیات سمگلنگ پر سزائے موت سنائی تھی تاہم بعد ازاں انہیں بھارت کی حراست میں دے دیا گیا تھا۔گزشتہ ماہ میری ٹائم سرحد پر ایک بھارتی ماہی گیر کی ہلاکت پر جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے۔بھارت اور سری لنکا تنگ پالک بندرگاہ کے ذریعے منقسم ہیں جو کہ ماہی گیری کی دولت سے مالامال ہے۔