شہید ڈرائیورمحمدلطیف کی فیملی کو 77لاکھ، اسسٹنٹ ڈرائیورعبدالحمید کی فیملی کو مجموعی طور74لاکھ کی امداد ملے گی،وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق

پیر 3 اپریل 2017 11:22

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شیخوپورہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ریلوے کے ڈرائیور محمدلطیف اور اسسٹنٹ ڈرائیورعبدالحمید شہید ہیں انہوں نے آخری لمحے تک مسافروں کو بچانے کے لیے فرض کی راہ میں اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی۔ خواجہ سعدرفیق ، چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدجاوید انور اور دیگر حکام کے ہمراہ شہید ہوجانے والے ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کی رہائش گاہوں پر ان کے لواحقین سے گفتگو کررہے تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جل جانے والے انجن کے معائنے سے علم ہوا ہے کہ ڈرائیور محمدلطیف نے آخری دم تک ایمرجنسی بریک لگانے کی کوشش کی جس سے گاڑی کی رفتار کم ہوگئی اور تصادم کی شدت کم ہونے سے مسافروں کی قیمتی جانیں بچ گئیں۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اگر گیٹ کیپر وقت کا دانشمندی کے ساتھ استعمال کرتا تو اس کے پاس نائٹ کوچ رکوانے اور اطلاع دینے کے لیے 19منٹ کا وقت موجود تھا مگر وہ ٹینکر کے ڈرائیور سے اصرار کرتا رہا کہ وہ ٹینکر کو ہٹائے ، آخری 2منٹوں میں اس نے کیبن مین کو فون کرنے اور ٹرین کی طرف بھاگنے اور روکنے کی کوشش کی مگر اس وقت بہت تاخیر ہوچکی تھی ۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انسانی جانوں کو ئی بدل نہیں تاہم ڈرائیور محمدلطیف کے اہلِ خانہ کو مجموعی طور پر 77لاکھ جبکہ اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالحمید کی فیملی کو 74لاکھ کی امداد ملے گی۔ ریلویز کی طرف سے ڈرائیور کو 12لاکھ اور اسسٹنٹ ڈرائیور 9لاکھ، انشورنس کے 15،15لاکھ کے علاوہ وزیراعظم پیکج کے تحت 50، 50لاکھ روپے پلاٹ کی خریداری کے لیے دیے جائیں گے۔ ریلویز دونو ں شہیدوں کے ایک، ایک بیٹے کو ملازمت دے گا جبکہ ایک ، ایک بیٹی کی شادی پر 8، 8لاکھ روپے بطور میرج گرانٹ دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا بناویلینٹ فنڈ کے ساتھ ساتھ دونوں خاندانوں کو صحت اور تعلیم کی سہولت بھی ادارے کی طرف سے فراہم کی جائیں گی۔ریلویز کی طرف سے شہداء کے تمام ایڈوانسز اور قرضے بھی معاف کردیے گئے ہیں۔