پشاور، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس

مردان کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت طلب کی اور اس سلسلے میں اضافی 60 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہر ڈویژن کو اپ لفٹ اور خوبصورتی پلان کے تحت وافر وسائل فراہم کئے گئے ہیں،پرویز خٹک وزیر اعلیٰ کی ریپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے پر تعمیری کام کے دوران ٹریفک کا بہاوٴ برقرار رکھنے کے لئے متبادل روٹس کا مناسب انتظام یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 3 اپریل 2017 11:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مردان میں جواد چوک اور کاٹلنگ فلائی اوورزسمیت چارپلوں جبکہ پشاور میں زکوڑی، ورسک، ناصر باغ اورپجگی فلائی اوورز اور بڈھنی پل کی تعمیر کے تخمینہ لاگت اور ریٹس کی مشترکہ سمری بھیجنے اور اس سلسلے میں پہلے سے موجود پیٹرن اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے مذکورہ منصوبوں کی تعمیر میں درپیش مسائل کا قابل عمل حل تلاش کرنے جبکہ منصوبوں پر معاہدوں کے لئے ٹائم لائنز کا تعین کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سی اینڈ ڈبلیو اکبر ایوب ، متعلقہ سیکرٹریوں اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے فلائی اوورز اور پلوں کی تعمیر کے مذکورہ بالا منصوبوں کے تخمینہ لاگت اور دیگر آئٹمزمیں تبدیلیوں کی وجوہات کی تشریح اور منطق بیان کرتے ہوئے اس کی اُصولی منظوری دی۔

انہوں نے مردان کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت طلب کی اور کہاکہ اس سلسلے میں اضافی 60 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ اب منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل یقینی ہونی چاہیئے ۔ہر ڈویژن کو اپ لفٹ اور خوبصورتی پلان کے تحت وافر وسائل فراہم کئے گئے ہیں ۔ ان منصوبوں پر تیز رفتار عمل درآمد کیلئے لوکل گورنمنٹ کا متعلقہ ادارہ این ایل سی کے ساتھ معاہدہ کرے ۔

وزیر اعلیٰ نے پشاور، مردان، پبی اور تمام اضلاع کی خوبصورتی کے پلان پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تیز رفتار حکمت عملی کے تحت ترقیاتی عمل نظر آنا چاہئے۔ وزیر اعلیٰ نے پشاور کے اندرون شہر کی سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے لئے دیئے گئے 220کروڑ روپے پر ہونے والے کام کی پیشرفت کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ خوبصورتی کے لئے علیحدہ فنڈز موجود ہیں۔

ان وسائل کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے اور کام کی رفتار تیز کی جائے۔انہوں نے پشاور میں دیگر پراجیکٹس کی تیز تر تکمیل کیلئے لوکل گورنمنٹ اور پی ڈی اے کو ٹینڈرجاری کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حیات آباد اور یونیورسٹی ٹاوٴن میں سڑکیں تقریباً مکمل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی ٹاوٴن میں ریلوے ٹریک اور خوبصورتی پر بھی کام کرنا ہے ۔

سڑکوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔ یہ بھی پشاور کی خوبصورتی کے مجموعی پلان کا حصہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کے لئے ٹائم لائنز کے تعین اور کام کی رفتار کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ایف ڈبلیو او کے شروع کردہ یوٹیلیٹز اور سروس روڈ کی تعمیر نو پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ریپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے پر تعمیری کام کے دوران ٹریفک کا بہاوٴ برقرار رکھنے کے لئے متبادل روٹس کا مناسب انتظام یقینی بنانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پشاور کی ٹریفک کا کل وقتی حل ہے جو 8روٹس کو باہم مربوط کرے گا۔

یہ تیز رفتاری سے مکمل ہونے والا اپنی نوعیت کا منفرد پراجیکٹ ہو گا جس کو آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سہولیات پیدا کرنا حکومت کاکام ہے ۔ سہولیات کو کل وقتی طور پر جاری رکھنے کیلئے ہر ضلع اور ڈویژن کو خود وسائل پیدا کرنے ہیں اور کمیونٹی اس میں اپنا حصہ ڈالتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ترقیاتی عمل میں شفافیت کی وجہ سے کرپشن کے دریچے بند ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل شروع کرتے وقت تجاوزات ہٹانے کا عمل جاری رہنا چاہیئے ۔