انڈونیشیاء ،مٹی کا تودہ گرنے سے دو فراد ہلاک،26کے مٹی تلے دبے ہونے کا خدشہ

پیر 3 اپریل 2017 11:39

جکارتہ،(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)انڈونیشیاء میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور 26کے مٹی تلے دبے ہونے کے خدشات ہیں،یہ بات ہنگامی حالت سے متعلق قومی ادارے نے اتوار کے روز کہی۔مشرقی جاوا صوبہ کے ضلع پونوروگو کے گاؤں بانارن میں مٹی کا تودہ گرنے سے 32مکانات اس کی زد میں آگئے تھے اور 19افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔امدادی وتلاشی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم اتوار کو بعد از دوپہر شدید بارش کے باعث انہیں امدادی کارروائیوں کو روکنا پڑا۔

ادارے کے ترجمان سوتوپوپورنو نوگروہو نے بتایا کہ جائے وقوعہ کی طرف جانے والی سڑک انتہائی تنگ ہونا بڑا چیلنج ہے،کئی کاریں اب وہاں جمع ہیں کیونکہ لوگ دیکھنے کیلئے جارہے ہیں،اس لئے امدادی ٹیموں کی راہ میں اورنقل وحرکت میں انہو ں نے رکاوٹ پیدا کردی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کو دو ہفتے مٹی کے تودے گرنے سے متعلق خبردار کیا گیا تھا اور رات کے وقت علاقے کو خالی کرایا گیا تھا تاہم اگلی صبح کئی لوگ واپس گاؤں میں آگئے تھے،کئی لاپتہ افراد کھیتوں میں کام کر رہے تھے جب تودا گرا۔ادارے کے مطابق انڈونیشیاء میں صرف رواں سال تودے گرنے سے 20افراد ہلاک ہوچکے ہیں،گزشتہ ستمبر میں مغربی جاوا کے علاقے غاروت میں شدید سیلابوں اور تودے گرنے سے 30کے قریب افراد مارے گئے تھے۔