بھارت،کیرالہ میں ٹریننگ کیمپ میں کھانا کھانے سے 200پیراملٹری پولیس اہلکار بیمار پڑ گئے ،ہسپتال داخل

پیر 3 اپریل 2017 11:40

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اپریل ۔2017ء)جنوبی ریاست کیرالہ میں ایک ٹریننگ کیمپ میں کھانا کھانے کے بعد 200کے قریب بھارتی پیراملٹری پولیس اہلکاروں کو مشتبہ طور پر بدہضمی کے پیش نظر ہسپتال داخل کرادیاگیا ہے،یہ بات پولیس نے اتوار کے روز کہی۔ٹریننگ کیڈٹس اور سیکورٹی فورسز کا تعلق سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) سے ہے،انہیں پیچس اور قے ہونے کی شکایت ہوئی جب انہوں نے ارناکولم ضلع میں واقع تربیتی کیمپ میں گزشتہ روز رات کے کھانے میں چاول اور مچھلی کھائی تھی۔

ارناکولم کے پولیس سربراہ اشوک کمار نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ کئی اہلکار ابھی تک زیر علاج ہیں تاہم ان میں بہتری کے آثار نمایاں ہیں اور مزید کہا کہ نصف سے زائد مریضوں کو ہسپتال سے فارغ کردیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔اس قسم کے واقعات غیر معمولی نہیں ہیں،ماضی میں بھی پولیس کی جانب سے ناقص خوراک کے حوالے سے شکایات کی جاتی رہی ہیں۔

گزشتہ ماہ مغربی ریاست راجستھان میں 32بارڈر گارڈز مشتبہ طور پر بدہضمی کی وجہ سے بیمار پڑ گئے تھے۔جنوری میں حکومت نے ایک پیراملٹری گارڈ کی جانب سے جاری کی گئی آ ن لائن ویڈیو کے بعد تحقیقات شروع کی تھیں جس میں دکھایا گیا تھا کہ سیکورٹی فورسز کو جلی ہوئی روٹی دی جارہی ہے۔گارڈ نے سینئر حکام پر راشن کیلئے ملنے والے فنڈز ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس پر سوشل میڈیا کے صارفین کی جانب سے غم وغصے کا اظہار کیا گیا اور دیگر فوجی اہلکاروں نے بھی اسی قسم کی شکایات درج کرائی تھیں۔