ترکی اور یونان میں شدید زلزلہ، 2افراد ہلاک ، 100سے زائد زخمی ،سونامی کا خطرہ

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 تھی ،۔ مرکز بودرم، ترکی سے 10 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع تھا،زلزلے سے یونانی جزیرے کوس میں کئی عمارتیں منہدم ، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ

جمعہ 21 جولائی 2017 15:32

انقرہ/ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ جولائی ء)ترکی اور یونان میں شدید زلزلہ آیا ہے جس کے باعث 2افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ سونامی کے خطرے کا بھی اعلان کردیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات ترکی اور یونان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد اب تک یونانی جزیرے کوس میں مکان کی چھت گرنے سے 2 شہریوں کی ہلاکت اور 100 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ سونامی کے خطرے کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یونان اور ترکی کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور خدشہ ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔یو ایس جیالوجیکل سروے کی جاری کردہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ ترکی کے مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 31 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 تھی جس کا مرکز بودرم، ترکی سے 10 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں واقع تھا جبکہ اس کی گہرائی بھی 10 کلومیٹر ہی تھی۔اس زلزلے کے جھٹکے یونان کی حدود میں واقع ڈوڈیکینئز جزائر کے علاوہ ترکی میں ایجن کے ساحل تک بھی محسوس کیے گئے۔ دونوں ممالک میں ساحلی علاقوں اور جزائر پر رہنے والوں کیلیے سونامی وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔