خاتون نے جنرل ہسپتال کے احاطے میں رکشے میں ہی بچے کو جنم دیدیا

زچگی کے فوری بعد نومولود اور ماں کو فوری طو رپر لیبر روم میں منتقل کر دیا گیا‘عملے کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی ‘ انتظامیہ

پیر 20 نومبر 2017 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل نومبر ء)خاتون نے جنرل ہسپتال کے احاطے میں رکشے میں ہی بچے کو جنم دیدیا ، زچگی کے فوری بعد نومولود اور ماں کو فوری طو رپر لیبر روم میں منتقل کر دیا گیا ،انتظامیہ کے مطابق تحقیقات میں ہسپتال کے عملے کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی ۔بتایاگیا ہے کہ بیس سالہ کائنات سالگرہ کی تقریب میں موجود تھیں کہ انہیں شدید درد ہونے پر رکشے میں سوار کر جنرل ہسپتال پہنچایا گیا لیکن جیسا ہی رکشہ ہسپتال کے احاطے میں پہنچا تو خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہو گئی ۔

اس دوران ہسپتال کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور رکشے کو چاروں اطراف سے چادر سے ڈھانپ کر زچگی کے عمل کو مکمل کیا گیا اور اس کے فوری بعد نومولود اور ماں کو لیبر روم میں منتقل کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق خاتون کو گھر میں ہی زچگی کے درد شروع ہو گئے تھے اور خاتون نے ہسپتال کے متعلقہ وارڈ میں پہنچنے سے پہلے رکشے میں ہی بچے کو جنم دیدیا ۔

اطلاع ملنے کے عملہ موقع پر پہنچ گیا اور فوری طور پر ماںاور بچے کو لیبر روم میں منتقل کرکے باقی ماندہ علاج کیا گیا ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سلسلہ میں کی جانے والی تحقیقات میں عملے کی کوتاہی ثابت نہیں ہوئی۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب نے واضح کیا ہے کہ 20سالہ کائنات کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش تھی اور وہ خاتون بھلو پنڈسے چونگی امر سدھو میں اپنے رشتے داروں کے ہاں ایک سالگرہ کی تقریب میں شریک تھی جہاں اسے زچگی کے آثار محسوس ہونے پر رکشے میں جنرل ہسپتال کی طرف لایا گیا تو ہسپتال میں داخل ہونے سے پہلے باہر سڑک پر رکشے میں ہی بچے کو جنم دیا جس کی اطلاع ملتے ہی ہسپتال عملے نے فوری دیکھ بھال شروع کر دی اور خاتون کو گائنی وارڈ پہنچایا گیا ۔

خاتون کے والد اصغر نے بتایا کہ وہ ضلع قصور کے گاؤں بھیڈیاں کے رہائشی ہیں اور کائنات کی شادی بھلو پنڈ میں کی، ہمیں ابھی ڈلیوری کی امید نہیں تھی کہ اچانک یہ معاملہ ہو گیا۔