اسرائیل کے کئی عرب اور مسلم ریاستوں کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں ، اسرائیلی وزیر کا انکشاف

سعودی عرب ہو یا دیگر عرب ممالک ہوں یا پھر کوئی بھی مسلم ملک ہو، ہم ان کی اس خواہش کی عزت کرتے ہیں، یوول اسٹینٹز

پیر 20 نومبر 2017 19:40

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل نومبر ء)اسرائیلی کابینہ کے ایک وزیر نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے کئی عرب اور مسلم ریاستوں کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں جن کا نام ان ہی کی درخواست پر منظر عام پر نہیں لایا جاتا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی مسلح افواج کے سربراہ کے حال ہی میں سعودی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان نے بھی ان خفیہ روابط کے حوالے سے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں لبنانی تنظیم حزب اللہ نے بھی سعودی عرب پر الزامات لگائے تھے کہ ریاض نے اسرائیل کو ان کی جماعت کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے اکسایا تھا جبکہ اسی طرح کا اشارہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے بھی دیکھنے میں آیاتھا۔

(جاری ہے)

اسرائیلی وزیر توانائی یوول اسٹینٹز نے اسرائیلی آرمی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہمارے عرب اور دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ روابط ہیں جن میں سے زیادہ تر ممالک کے ناموں کو ان ہی کی درخواست پر خفیہ رکھا گیا ہے‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیشہ ان کے سامنے والے ملک نے ہی ان تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں خفیہ رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم سعودی عرب ہو یا دیگر عرب ممالک ہوں یا پھر کوئی بھی مسلم ملک ہو، ہم ان کی اس خواہش کی عزت کرتے ہیں۔یاد رہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان براہِ راست سفارتی تعلقات موجود نہیں ہیں تاہم ان دونوں ممالک کا مشترکہ دشمن ایران کی شکل میں موجود ہے اور دونوں ہی مشرقی وسطیٰ میں تہران کے اثرو رسوخ کو محدود کرنا چاہتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بار بار اور فخریہ طور پر عرب ممالک کے ساتھ اپنے بڑھتے ہوئے روابط کا انکشاف کر چکے ہیں۔انہوں نے گزشتہ ہفتے اسرائیلی پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ وہ انتہا پسندانہ اسلام کے خلاف اعتدال پسند عرب ریاستوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے خطے میں روابط قائم ہوں گے اور ایک دوسرے کے درمیان قربت ہوگی جبکہ اس سے خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی اور امن قائم ہوگا۔۔

متعلقہ عنوان :