سپریم کورٹ کی نجی میڈیکل کالجوں کو فاٹا اور بلوچستان کے 194 مزید طلبا کو داخلہ دینے کی ہدایت، داخلہ فیس ایچ ای سی ادا کرے گا، دو ہفتوں میں عملدرآمد رپورٹ طلب

اتوار 13 مئی 2018 18:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 13 مئی 2018ء) سپریم کورٹ نے نجی میڈیکل کالجوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کے حوالے سے کیس میں نجی میڈیکل کالجوں کو فاٹا اور بلوچستان کے 194 مزید طلبا کو داخلہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم جاری کردیا ہے اورکہاہے کہ عدالتی فیصلہ پر دو ہفتوں میں عملدرآمد کرکے عدالت کورپورٹ پیش کی جائے، داخلہ حاصل کرنے والے طلبا کی فیس ایچ ای سی ادا کرے گا۔

اتوار کو چیف جسٹس کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ا س موقع پر پی ایم ڈی سی اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے فاٹا اور بلوچستان کے طلبا ء کے میڈیکل کالجوں میں داخلوں سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔ رپورٹ پرمخالف وکیل کے اعتراض پر وکیل صفائی نے کہا کہ ہم نے موجودہ طلبا ء کا ڈیٹا تیارکرکے اپنی ذمہ داری پوری کرلی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے نجی میڈیکل کالجز کو ہدایت کی کہ فاٹا اور بلوچستان کے 194 مزید طلبا کو داخلہ د اخلے دئیے جائیں ان طلبا کی فیس ایچ ای سی ادا کرے گا اورفیصلہ پر دو ہفتوں میں عملدرآمد کیا جائے۔ سماعت کے دوران بابر اعوان نے کہا کہ عدالت پہلی بار پسماندہ علاقوں کے بچوں کے لئے کچھ کررہی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم کچھ نہیں کرسکتے یہ سب اللہ تعالٰی کی مہربانی ہے۔ بعدازاں مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔